عامر پر بھوجپوری کا جنون، عمران ہاشمی کا دعوی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption عامر خان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے کردار کو کمال کی حد تک پہنچانے کی جستجو میں رہتے ہیں

بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان ہدایتکار راجکمار ہیراني کی فلم ’پی کے‘ میں بھوجپوری بولتے نظر آئیں گے۔

اطلاعات کے مطابق عامر خان ان دنوں بھوجپوری سیکھ رہے ہیں جس کے لیے انھوں نے ایک ٹیوٹر یعنی استاد بھی مقرر کیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بھوجپوری کا استعمال وہ آج کل اپنے دفتر میں کام کرنے والوں، اپنے اہل خانہ، دوست احباب اور ساتھی فنکاروں کے ساتھ بھی کر رہے ہیں۔

کچھ سال پہلے عامر خان نے طے کیا تھا کہ وہ ہر سال کوئی نئی چیز سیکھیں گے اور اپنے اس عہد کے تحت پہلے انھوں نے مراٹھی زبان سیکھی پھر تیراکی اور اب بھوجپوری سیکھ رہے ہیں۔

بالی وڈ میں عامر خان کو ’مسٹر پرفیکٹ‘ کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے یعنی وہ اپنے کام کو کمال کے درجے تک پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔

فلم ’گجنی‘ کے لیے انھوں نے اپنا جو کسرتی جسم بنایا تھا اس کی مثال دی جاتی ہے۔

اب عمران کی فلم کو اہل خانہ کے ساتھ دیکھ سکتے ہیں!

Image caption فلم نٹورلال میں ان کے ساتھ پاکستان کی اداکارہ حمیما ہیں

اپنی آنے والی فلم ’راجہ نٹورلال‘ میں اداکار عمران ہاشمی 420 کا کردار نبھاتے ہوئے نظر آنے والے ہیں۔

عمران ہاشمي کا کہنا ہے کہ یہ ان کی پہلی فلم ہے جسے مشرقی روایت کا احساس رکھنے والا پورا خاندان ساتھ بیٹھ کر دیکھ سکتا ہے۔

سنہ 1980 کی دہائی میں امیتابھ بچن کی فلم ’نٹورلال‘ آئی تھی جس امیتابھ نے ایک ایسے شخص کا کردار ادا کیا تھا جسے سماج میں 420 کہا جاتا ہے۔

لیکن عمران ہاشمی کا کہنا ہے یہ فلم وہ نٹورلال نہیں ہے۔اس میں دوسرے قسم کا 420 ہے۔

عمران ہاشمی نے گذشتہ چند برسوں کے دوران مہیش بھٹ کیمپ کے ساتھ فلمیں کرنا بہت حد تک کم کردیا ہے۔ واضح رہے کہ مہیش بھٹ عمران ہاشمی کے رشتے دار ہیں۔

اس بابت انھوں نے بتایا: ’میں نے بھٹ کیمپ کی بہت ساری فلمیں ٹھکرا دی ہیں کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ ان میں کوئی ڈرامہ یا ایموشنل باتیں نہیں ہوتیں لیکن جب كنال نے مجھے یہ کہانی سنائی تو مجھے یہ احساس ہوا کہ اس میں ایک ایموشنل کہانی ہے۔‘

اسی بارے میں