راجیش کھنہ کے بنگلے پر جھگڑا

Image caption آشیر واد بنگلے کی اپنی ایک دلچسپ داستان ہے لیکن ان کے منیجر بتاتے ہیں کہ وہ اسے میوزیم بنانا چاہتے تھے

اپنے زمانے کے معروف ترین سٹار راجیش کھنہ کا بنگلہ ’آشیرواد‘ فروخت ہو گیا ہے جس کے خلاف انیتا اڈوانی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کی بات کر رہی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق’ آشیرواد‘ کو 95 کروڑ روپے میں ممبئی کے کسی صنعت کار نے خریدا ہے تاہم راجیش کھنہ کی قریبی دوست انیتا اڈوانی کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے پر عدالت جائیں گی۔

کسی زمانے میں راجیش کھنہ کے منیجر رہنے والے اشون ٹھكّر اور ان کے قریبی دوست بھوپیش رسين نے بی بی سی سے بات چیت میں بنگلہ فروخت ہونے کی تصدیق کی ہے۔

بھوپیش نے کہا: ’میں اس سے بہت دلبرداشتہ ہوں اور میری طرح ان کے کئی پرستار بھی مایوس ہوں گے۔ راجیش کھنہ کی موت کے بعد ان کی جائیداد پر حق چاہے ان کے خاندان کا ہو لیکن راجیش کھنہ پر پورے ملک کا حق ہے۔‘

بھوپیش بتاتے ہیں کہ راجیش کھنہ چاہتے تھے کہ ان کی موت کے بعد ’آشیرواد‘ کو ایک میوزیم میں تبدیل کر دیا جائے۔

انھوں نے مزید کہا: ’راجیش کھنہ موشن پکچر کے پہلے سپر سٹار تھے اور ان کی آخری نشانی کو فروخت نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔ اب دیکھیے جیسے ’آنند بھون‘ موتی لال نہرو اور جواہر لال نہرو کا گھر تھا اور اندرا گاندھی جی اور ان کے خاندان پر کافی مصیبتیں آئیں لیکن انھوں نے وہ گھر نہیں بیچا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Anita Advani
Image caption راجیش کھنہ کے ساتھ ان کے آخری دنوں میں انیتا اڈوانی ساتھ تھیں

لیکن کیا ممبئی کے کارٹر روڈ پر بنگلہ ہونا اور قیمت صرف 95 کروڑ روپے لگنا اس بنگلے کی صحیح قیمت ہے؟

اس سوال کے جواب میں جائیداد کی خریدو فروخت کے ماہر پنکج کپور کہتے ہیں: ’دیکھئے ہم یہ نہیں بتا سکتے کہ بنگلے کی قیمت کم ہے یا زیادہ۔ کارٹر روڈ پر ایک مربع فٹ کی قیمت ایک لاکھ روپے ہے۔ لیکن ہم بنگلے کو دیکھ کر ہی اس کا اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یہ صحیح ہے یا نہیں۔‘

راجیش کھنہ کی قریبی دوست انیتا اڈوانی بنگلہ فروخت ہونے پر ناراض ہیں۔ وہ آخری دنوں میں راجیش کھنہ کے ساتھ تھیں۔

وہ کہتی ہیں: ’انھوں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ وہ اس بنگلے کو بیچیں گے، میں کورٹ جاؤنگی اور ان پر مقدمہ کروں گی۔‘

Image caption راجیش کھنہ بالی وڈ کے پہلے سپر سٹار رہے

راجیش کھنہ کی معروف فلموں میں ’دو راستے‘، ’خاموشی‘، ’آنند‘ اور ’سفر‘ جیسی فلموں کے ساتھ ساتھ ’آپ کی قسم‘، ’دشمن، ’روٹی‘ اور ’سچا جھوٹا‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں شامل ہیں۔

اسی بارے میں