مائیکل جیکسن کی نئی ویڈیو کی ٹوئٹر پر رونمائی

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹوئٹر اپنے صارفین کو اپنی ٹائم لائن پر ویڈیوز پوسٹ کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے

امریکی موسیقی کمپنی ایپک ریکاڈز نے آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کے گانے کی ٹوئٹر پر نئی ویڈیو کی رونمائی کی ہے۔

رونمائی کی تقریب کے موقع پر ٹوئٹر نے ایک ایسا نقشہ بنایا ہے جو کہ امریکی گلوکار مائیکل جیکسن کی دنیا بھر سے ٹوئیٹس کی تعداد دکھا رہا ہے۔

یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹوئٹر اپنے صارفین کو اپنی ٹائم لائن پر ویڈیوز پوسٹ کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔

ٹوئٹرحکام کا کہنا ہے کہ وہ ویڈیوز کے لیے تشہیری بیچ کر اپنی آمدن میں اضافہ کرنا چاہ رہے ہیں۔

ٹوئٹر کے سینیئر پروڈکٹ مینیجر ٹی وی، ڈیوڈ ریگن کا کہنا ہے کہ ’ہم اب اپنے صارفین کو ان کی مصنوعات کی تشہیر کے لیے ایک نئی قیمت کے پیکج کی پیشکش کر رہے ہیں جس کا نام کاسٹ پر وئیو ہے۔ اس نئے پیکج کا مطلب یہ ہے کہ تشہیر کرنے والے ہمیں ویڈیوز دیکھے جانے کے حساب سے پیسہ دیں گے ۔‘

انھوں نے کہا کہ ان کے ’پروموٹڈ ویڈیو‘ پیکجز سے تشہیر کرنے والے صارفین کو دیکھنے والوں کی نشاندہی اور دیگر اضافی سہولیات مہیا ہوں گی۔

ٹوئٹر نے 2012 میں اپنے صارفین کی ٹوئیٹس میں ویڈیوز ڈالنے کا آپشن دیا تھا۔ جبکہ 2013 میں انھوں نے وائن کے نام سے ایک نئی ایپ لانچ کی تھی جس سے صارفین کو چھ سیکنڈ کے دورانیے کی ویڈیوز اپنی نیوز فیڈ پر ڈالنے کی سہولت حاصل تھی، جسے وہ بار بار پلے کر کے دیکھ سکتے تھے۔

اس کے کچھ ہی مہینوں بعد انھوں نے ایمپلافائی کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا جو کہ ان کی مخصوص کمپنیوں کے لیے تھا جو تشہیر کرنا چاہتی تھیں۔

یاد رہے کہ ویڈیو فیچر فیس بک کی آمدن میں اضافے کا ایک بہت مثبت ذریعہ ثابت ہوا ہے۔ تاہم ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ ان کی ویڈیوز فیس بک کی طرع خود بہ خود نہیں چلیں گی بلکے انھیں صارفین کو اپنی مرضی سے چلانا ہوگا۔

اسی بارے میں