کراچی میں ساتویں عالمی اردو کانفرنس

Image caption پریس کانفرنس میں بائیں سے دائیں کراچی آرٹس کونسل کے صدر اعجاز احمد فاروقی ، سیکریٹری محمد احمد شاہ، نائب صدر محمود احمداور جوائنٹ سیکریٹری شہناز صدیقی

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی ساتویں چار روزہ عالمی اردو کانفرنس 16اکتوبر سے 19اکتوبر تک منعقد ہوگی۔

اس کا اعلان آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے سیکریٹری محمد احمد شاہ نے آرٹس کونسل میں کانفرنس کے حوالے سے منعقدہ پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے کیا۔

اس موقع پر آرٹس کونسل کے صدر ر اعجاز احمد فاروقی، نائب صدر محمود احمداور جوائنٹ سیکریٹری شہناز صدیقی بھی موجود تھے۔

احمد شاہ نے بتایا کہ کانفرنس کے موقع پرادب و فن کے مختلف شعبوں میں نمایاں کام کرنے اور خدمات انجام دینے والوں کو ہر سال ایوارڈز دینے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔

ساتویں کانفرنس کے موقع پر ادب و فن میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیے جائیں گے۔ جب کہ اس کے بعد یہ ایوارڈز ہر سال میں سامنے آنے والے بہترین تخلیقی کام پر دئیے جائیں گے۔

انھوں نے بتایا کہ اس سال ہندوستان، ایران، بنگلہ دیش، امریکہ ، برطانیہ، ناروے، جرمنی، کینیڈا، ترکی، روس اور مصر سمیت دنیا بھر سے نامور ادیب اور فن کار شر کت کر یں گے۔

کانفرنس میں شرکت کرنے والے کچھ ناموں کا تذکرہ کرتے ہوے انہوں نے ہندوستان سے جاوید اختراور جاوید صدیقی، شمیم حنفی،قاضی افضال حسین اور سُکھبیر سنگھ شاد، شمس الحق عثمانی، عبید صدیقی اور فرحت احساس کا ذکر کیا جب کہ برطانیہ سے رضا علی عابدی،کینڈا سے اشفاق حسین، جرمنی سے کریسٹینا اوسٹرہیلڈ، ترکی سے خلیل طوقار، مصر سے محمد ابراہیم المصری، بنگلہ دیش سے ڈاکٹر کلثوم اور ابولبشر، ناروے سے نصر ملک اور اسد ملک اور روس سے لُڈمیلا کی آمد کے بارے میں بتایا۔

پاکستان سے شرکت کرنے والوں میں سرِ فہرست ڈاکٹر مبارک علی، انتظار حسین، عبداللہ حسین، امجد اسلام امجد، اصغر ندیم سید،مسعود اشعر، مستنصر حسین تارڑ کے نام ہیں۔

کراچی آرٹس کونسل نے عالمی اردو کانفرنسوں کی ابتدا 2008 میں کی تھی اور بالعموم یہ کانفرنس نومبر دسمبر میں ہوتی رہی ہے۔

احمد شاہ نے بتایا کہ اس سال ادب اور زبان کے ساتھ ساتھ اردو تھیٹر، مشرقی موسیقی، مشرقی رقص اور مصوری کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ اس بار پاکستان کی دوسری زبانوں سے اردوکے تاریخی روابط، پاکستانی مصوری، میڈیا،تھیٹر، فلم وغیرہ پر بھی اجلاس منعقد کیے جا ئیں گے۔ جب کہ کانفرنس میں بھرپور شر کت کے لیے اردو انگریزی کے بائی لنگول اجلاس بھی ہوں گے۔

ان اجلاسوں کے لیے انگریزی میں لکھنے والے ممتاز پاکستانی مصنفوں کو خاص طور پر دعوت دی جائے گی۔

اسی بارے میں