شاہ رخ کی سکیورٹی سخت اور ہنی سنگھ کی ناراضی

شاہ رخ کے گھر کی سکیورٹی سخت

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شاہ رخ کے اسسٹنٹ کے گھر کے باہر فائرنگ کی گئی

ایک انگریزی اخبار کے مطابق پروڈیوسر علی مورانی کے گھر کے باہر کچھ نامعلوم افراد نے فائرنگ کی اور اس کی ذمہ داری مبینہ طور پر گینگسٹر روی پجاری نے قبول کر لی۔

علی مورانی اور ان کے بھائی کریم مورانی شاہ رخ خان کے اسسٹنٹ ہیں اور ان کی کمپنی ریڈ چليز میں پارٹنر ہیں۔ وہ فلم ’چینئی ایکسپریس‘ کے شریک پروڈیوسر بھی تھے۔

اسی وجہ سے مورانی کے ساتھ ساتھ شاہ رخ خان کے ممبئی کے باندرہ علاقے میں واقع گھر کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

یو یو ہنی سنگھ کی ناراضی؟

تصویر کے کاپی رائٹ Feroz Khan
Image caption ہنی سنگھ کہتے ہیں کہ وہ سمجھوتہ کرکے کام کرنے کے عادی نہیں ہیں

ریپر یو یو ہنی سنگھ ڈائریکٹر روہت شیٹی سے مبینہ طور پر ناراض ہیں۔

ایک اخبار کو انٹرویو میں ہنی سنگھ نے کہا کہ روہت نے فلم ’سنگھم ریٹرن‘ کے گانے ’آتا مانجھی سٹكلی‘ کو تیار کرنے کے لیے انھیں صرف 30 منٹ دیے تھے۔

ہنی سنگھ کے مطابق روہت نے ان سے کہا کہ ’وقت بہت کم ہے اور کچھ بھی بنا دو مجھے چلے گا۔‘

ہنی سنگھ کہتے ہیں کہ وہ سمجھوتہ کر کے کام کرنے کے عادی نہیں ہیں۔ اس سے پہلے شاہ رخ اور اکشے کمار نے بھی ہنی سنگھ کے ساتھ کام کیا ہے لیکن ہنی سنگھ کے مطابق دونوں ستاروں نے انھیں پورا وقت دیا تھا۔

نرگس نے توڑی خاموشی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ورون دھون اور نرگس فخري کے مبینہ رومانس کی خبریں گرم ہیں

میڈیا میں کئی دنوں سے ورون دھون اور نرگس فخري کے مبینہ رومانس کی خبریں گرم تھیں۔ دونوں نے فلم ’میں تیرا ہیرو‘ میں ساتھ کام کیا ہے۔

لیکن ممبئی میں جاری ایک فیشن شو کے دوران نرگس نے صاف کر دیا کہ ان خبروں میں کوئی دم نہیں۔

انھوں نے کہا: ’میں صرف اپنے آپ سے محبت کرتی ہوں اور کسی سے نہیں۔ میڈیا سے درخواست ہے کہ سچائی جانے بغیر غلط خبریں نہ چلائے۔‘