اینجلینا جولی اور بریڈ پِٹ نے شادی کر لی

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption 50 سالہ بریڈ پِٹ اور 39 سالہ اینجلینا جولی سنیچر کو فرانس میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے

ہالی وڈ کے معروف فلمی جوڑے اینجلینا جولی اور بریڈ پِٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں رشتۂ ازدوج میں منسلک ہو گئے ہیں۔

50 سالہ بریڈ پِٹ اور 39 سالہ اینجلینا جولی سنیچر کو فرانس میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے جس کے بعد ان کی شادی کے بارے میں کئی سالوں سے جاری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا۔

یہ شادی میاوا کے قلعے میں واقع ایک چھوٹے سے چرچ میں ایک سادہ سی تقریب میں ہوئی جس میں چند قریبی دوستوں اور احباب نے شرکت کی۔

مشہور فلمی جوڑے کے تمام بچوں نے بھی اس شادی کی تقریب میں شرکت کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption اینجلینا جولی ان دنوں خواتین کے خلاف جنسی جرائم کے خاتمے کے لیے سرگرم ہیں

اینجلینا جولی شادی کے لیے چرچ میں اپنے لے پالک بیٹوں 13 سالہ میڈوکس اور دس سالہ پیکس کے ساتھ داخل ہوئیں جبکہ ان کی بیٹیوں نو سالہ زارا، چھ سالہ ویوین نے اُن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

جوڑے کے ترجمان نے بتایا کہ باقی بچوں میں سے آٹھ سالہ شائلو اور چھ سالہ نوکس انگوٹھی اٹھانے والے بنے۔

دونوں نے اس شادی کا لائسنس کیلی فورنیا کے ایک جج سے پہلے ہی لے لیا تھا جو خصوصی طور پر سفر کر کے فرانس پہنچے تھے۔

جنوبی فرانس میں واقع میاوا کا قلعہ 2008 کے بعد سے دونوں کا دوسرا گھر ہے۔

بریڈ پِٹ اس سے قبل فلم سٹار جینفر انیسٹن سے شادی کر چکے ہیں، جبکہ اینجلینا جولی کی اس سے قبل جونی لی ملر اور بلی بوب تھورنٹن سے شادیاں ہو چکی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption اینجلینا کی فلم ’میلیفیسنٹ‘ حال ہی میں سینما میں ریلیز ہوئی

دونوں کے تعلقات کا آغاز اپریل 2012 میں فلم ’مسٹر اینڈ مسز سمتھ‘ کے دوران شروع ہوا جس میں دونوں نے کام کیا تھا۔

مالٹا ٹائمز اخبار کے مطابق جوڑا آج کل سمندر کے کنارے ایک فلم کی عکس بندی میں مصروف ہے جو ’مسٹر اینڈ مسز سمتھ‘ کے بعد ان کی ایک ساتھ پہلی مشترکہ فلم ہے۔

اس فلم کا سکرپٹ اینجلینا جولی نے لکھا ہے جس کی ہدایات بھی وہ خود ہی دے رہی ہیں۔

اسی بارے میں