’ممبی اور کراچی ایک جیسے ہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ aamina sheikh
Image caption بھارت کے ایک نئے ٹی وی چینل ’زندگی‘ پر آج کل بعض پاکستانی سیریل نشر ہو ر ہے ہیں

پاکستان کی اداکارہ اور ماڈل آمنہ شیخ نے کہا ہے کہ ممبئی اور کراچی ایک جیسے شہر ہیں۔

آمنہ شیخ نے بی بی سی ہندی کو بتایا: ’میں سنہ 2012 میں ممبئی فلم فیسٹول میں آئی تھی جہاں میری فلم ’جوش‘ ریلیز ہوئی تھی تب مجھے ایسا محسوس ہوا کہ میں اپنے ہی ملک کے کسی دوسرے شہر میں آ گئی ہوں، مجھے ممبئی بالکل کراچی جیسا لگا۔‘

آمنہ کہتی ہیں: ’جس طرح کی پرانی عمارتیں ممبئی میں ہیں ویسی ہی عمارتیں اولڈ کراچی میں بھی ہیں۔ ریلوے اسٹیشن کی ساخت بھی بالکل ایک جیسی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ آپ اپنے ملک میں ہی ہیں۔‘

آمنہ کے مطابق انھیں ابھی تک بھارت کی جانب سے کام کرنے کی پیشکش نہیں ہوئی کیونکہ ہمارا کام اب جا کر بھارت پہنچا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’بطور اداکار مجھے یقین ہے کہ آپ کو گلوبل فلموں کا حصہ بننا چاہیے کیونکہ موجودہ دور میں کوئی بھی ایسی کہانی ہو سکتی ہے جس میں آپ کو بیرون ملک کے فنکاروں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔‘

پاکستانی اداکارہ کے مطابق ’اگر آپ بیرون ملک کے ٹی وی سیریلز دیکھیں تو اس میں آپ کو دنیا کے کونے کونے سے آئے فنکار دکھائی دیں گے اور میں بھی عالمی سطح پر کام کرنا چاہتی ہوں۔‘

بھارت کے ایک نئے ٹی وی چینل ’زندگی‘ پر آج کل بعض پاکستانی سیریل نشر ہو ر ہے ہیں۔ ان ٹی ڈراموں کو صرف پسند ہی نہیں کیا جارہا بلکہ محفلوں میں بھی ان کے تذکرے ہوتے رہتے ہیں۔

زندگی چینل پر نشر کیے جانے والے ٹی وی سیریلز میں ’نور پور کی رانی،‘ ’کاش میں تیری بیٹی نہ ہوتی‘ اور ’زندگی گلزار ہے‘ کو لوگ بہت پسند کر رہے ہیں۔

اسی بارے میں