ہم خانوں کو ٹکّر نہیں دے سکتے: پرینکا چوپڑا

تصویر کے کاپی رائٹ Viacom
Image caption پرینکا چوپرآ کا کہنا ہے کہ مجھے بس یہی لگتا ہے کہ میری کام جیسی عالمی چیمپیئن کے کردار کے ساتھ انصاف کرسکوں۔

’مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ’میری کام‘ جیسی ورلڈ چیمپیئن کا کردار نبھانے کا مجھے موقع ملا، یہ فخر کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔‘

یہ الفاظ ہیں بالی وڈ کی اداکارہ پرینکا چوپڑا کے جو انھوں نے بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں کہے۔

باکسنگ کے مقابلوں میں پانچ مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے والی بھارتی خاتون باکسر باز ایم سی میری کام کی زندگی پر مبنی فلم ’میری کام‘ جمعہ کو ریلیز ہوگئی ہے۔

اس فلم میں میری کام کا کردار پرینکا چوپڑا نے ادا کیا ہے جس کے لیے انہیں کافی محنت و مشقّت کرنی پڑی۔

اس فلم کے متعلق پرینکا کہتی ہیں ’باکس آفس سے میں بہت زیادہ امیدیں نہیں پالتی۔ مجھے بس یہی لگتا ہے کہ میری کام جیسی عالمی چیمپیئن کے کردار کے ساتھ انصاف کرسکوں۔ جن لوگوں نے مجھ سے امیدیں لگا رکھی ہیں انہیں مایوس نہ کروں۔‘

’خانوں سے مقابلہ نہیں‘

Image caption پانچ مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے والی بھارتی خاتون باکسر باز ایم سی میری کام کی زندگی پر مبنی فلم ’میری کام‘ جمعہ کو ریلیز ہوگئی ہے

گذشتہ کچھ عرصے سے ’ کوئن‘، ’مردانی‘ اور میری کام جیسی خواتین کے مرکزی کرداروں پر مبنی فلمیں ‎سامنے آئی ہیں۔

تو کیا بالی وڈ میں خواتین کے اسٹارڈم کا دم بڑھ رہا ہے۔ کیا اب پرینکا چوپڑہ جیسی دیگر ہیروئنیں فلمی صنعت کے معروف تینوں خانوں کو چیلنج کرنے کی پوزیشن میں ہیں؟

اس سوال کے جواب میں پرینکا چوپڑا نے کہا ’میں کسی غلط فہمی میں نہیں ہوں۔ مجھے نہیں لگتا کہ ہم خانوں کو چیلنج دینے والی پوزیشن میں آ چکے ہیں۔ وہ تینوں گزشتہ 20 برسوں سے سپر اسٹارز ہیں۔ میں خود ان تینوں کی فین ہوں۔‘

اپنی گلوکاری کے کریئر کے متعلق پرینکا نے کہا کہ وہ اس کا لطف اٹھا رہی ہیں اور آگے بھی گاتی رہیں گی۔

پرینکا نے حال ہی میں تین گانے ریلیز کیے ہیں۔ وہ ’ان مائی سٹی‘ ، ’ایکژاٹک‘ اور ’آئی كین ناٹ میک یو لو می‘ ہیں۔

حال ہی میں گلوکارہ آ شا بھونسلے نے ریپر یو یو ہنی سنگھ کے ٹی وی ریئلٹی شو ’را سٹار‘ پر تنقید کی تھی۔ آشا نے ہنی سنگھ کے گانوں پر ناپسندیدگی ظاہر کی تھی۔

اس کے جواب میں پرینکا نے کہا ’میں آشا جی کی بہت عزت کرتی ہوں۔ ان کی پرستار بھی ہوں لیکن ان کی بات سے متفق نہیں ہوں۔ ہنی سنگھ کے نغمے تفریح سے پر ہوتے ہیں۔ میں تو خود ان کے ساتھ گانا چاہتی ہوں۔‘

اسی بارے میں