آئرش بینڈ U2 کا نیا البم آئی ٹیونز پر مفت

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption یو2 کا آخری البم ’نو لائن آن دا ہورائزن‘ (افق پر کوئی خط نہیں ہے) برطانیہ میں سنہ 2009 میں سرفہرست رہا تھا اور دنیا بھر میں اس کے 50 لاکھ ریکارڈ فروخت ہوئے تھے

معروف آئرش راک بینڈ U2 نے پانچ سال میں اپنا پہلا البم جاری کیا ہے اور اسے ایپل کی آئی ٹیونز سروس کے 50 کروڑ صارفین کو مفت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

یہ حیران کن اعلان کیلیفورنیا میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا گیا جہاں ایپل کے سی ای او ٹم کک نے آئی فون کے نئے ماڈلز اور سمارٹ گھڑی کی رونمائی کی۔

یو ٹو نے اس تقریب رونمائی میں اپنا لائیو پروگرام بھی پیش کیا۔

یو ٹو کے مرکزی گلوکار بونو نے اس 11 گیتوں والے البم ’سانگس آف انّوسنس‘ کی ریلیز کے بارے میں بتاتے ہوئے اسے ’ہوش ربا‘ قرار دیا۔

بونو نے کہا: ’اب تک کے ہمارے سب سے زیادہ ذاتی نوعیت کے اس البم کو نصف ارب لوگوں کے ساتھ صرف ’سینڈ‘ کا بٹن دباتے ہیں شیئر کیا جا سکتا ہے۔ کاش کہ گیت لکھنا بھی اس قدر آسان ہوتا۔‘

اس سے قبل U2 کا آخری البم ’نو لائن آن دا ہرائزن‘ (افق پر کوئی خط نہیں ہے) برطانیہ میں سنہ 2009 میں سرفہرست رہا تھا اور دنیا بھر میں اس کے 50 لاکھ ریکارڈ فروخت ہوئے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اس موقعے پر ایپل کمپنی کے سی ای او ٹم کوک نے آئی فون کے ایک تازہ ترین ماڈل اور ایک سمارٹ گھڑی کی رونمائی بھی کی

اس کے باوجود بونو کو مایوسی ہوئی تھی اور انھوں نے برطانوی اخبار گارڈیئن کو اس سال کہا تھا کہ انھیں یہ خوف ہے کہ البم کا تصور ہی ’ناپید ہوتا جا رہا ہے۔‘

اس آئرش بینڈ نے سنہ 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں چند اہم البم پیش کیے تھے جن میں ’دا جوشوا ٹری‘ اور ’آختونگ بے بی‘ شامل تھے۔

رواں سال یہ اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ راک بینڈ U2 کسی نئے البم کا منصوبہ بنا رہا ہے لیکن ایپل کی تقریب میں اس کی مفت ریلیز کا اندازہ کسی کو نہیں تھا۔

حال ہی میں بیونسے سمیت بعض اہم فنکاروں نے سرپرائز البم ریلیز کیے ہیں۔

بہرحال یہ روش نئی نئي ہی ہے اور اہم فنکاروں کے ذریعے مفت ریلیز اپنے آپ میں نادر ہے۔

U2 نےماضی میں ایپل کے ساتھ کام کیا ہے تاہم آئی ٹیون کی ریلیز کے لیے ہونے والے معاہدے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔

اسی بارے میں