بھارتی فلمیں عریانی دکھانے میں آگے:اقوامِ متحدہ

Image caption امریکی/برطانوی فلموں میں بولنے والے کرداروں میں خواتین کردار صرف 23.6 فی صد ہیں جبکہ بھارتی فلموں میں یہ 24.9 فی صد ہے

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت فلموں میں پرکشش خواتین کو دکھانے میں سرفہرست ہے اور وہاں بننے والی فلموں کے 35 فیصد نسوانی کرداروں میں کسی نہ کسی حد تک عریانی کا پہلو نمایاں ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے عالمی پیمانے پر مقبول فلموں میں خواتین کے کرداروں کی تصویر کشی پر پہلی بار ایک سروے کروایا ہے جس کی رپورٹ میں یہ باتیں سامنے آئی ہیں۔

’میڈیا میں جنس‘ کے عنوان کے تحت یہ مطالعہ اقوام متحدہ کے تعاون سے جینا ڈیوس انسٹی ٹیوٹ نے کیا ہے۔

یو این ویمن اور راک فیلر فاؤنڈیشن نے دنیا بھر میں بننے والی فلموں میں خواتین کے خلاف گہرے تعصبات، خراب اور روایتی شبیہ، خواتین کی جنسیت اور اہم کرداروں میں ان کی کم نمائندگی کا ذکر کیا ہے۔

اس تحقیق کے مطابق بھارتی فلموں میں خواتین کے کرداروں کی جنسیت کو بڑے پیمانے پر نمایاں کر کے پیش کیا جاتا ہے اور خواتین کے مرکزی کرداروں والی فلمیں کم ہوتی ہیں، جبکہ جن میں فلموں میں خواتین کا اہم کردار ہوتا ہے وہ کم کامیاب ہوتی ہیں۔

دنیا کی نصف آبادی خواتین پر مبنی ہے تاہم فلموں کے اہم کرداروں میں ایک تہائی سے بھی کم خواتین ہوتی ہیں۔ اس سلسلے میں برطانیہ اور امریکہ کے اشتراک سے بننے والی اور بھارتی فلمیں بہت نیچے ہیں۔

Image caption تقریباً 35 فی صد خواتین کو بھارت میں قدرے برہنگی اور عریانی کے ساتھ دکھایا جاتا ہے

امریکی اور برطانوی فلم میں بولنے والے کرداروں میں نسوانی کردار صرف 23.6 فی صد ہوتے ہیں جبکہ بھارتی فلموں میں یہ شرح 24.9 فی صد ہے۔

برطانیہ، برازیل اور جنوبی کوریا کی فلموں میں بولنے والے خواتین کرداروں کی سب سے زیادہ نمائندگی پائی گئي ہے تاہم ان ممالک کی فلموں میں بھی بولنے والی خواتین کی موجودگی بس 35.9 سے 38 فی صد کے درمیان ہے۔

دنیا بھر کی فلموں میں خواتین کرداروں کی جنسیت کو اجاگر کرنا عام سی بات ہے جس میں مردوں کے مقابلے خواتین کو جنسی طور پر دو گنا زیادہ نمایاں، عریاں، کم کپڑوں میں، پوری طرح، یا نیم برہنہ دکھایا جاتا ہے، جب کہ فلموں میں انھیں پانچ گنا زیادہ دفعہ دلکش کہا جاتا ہے۔

Image caption بھارت میں خواتین کے مرکزی کرداروں والی فلمیں کم ہی بنتی ہے

خواتین کو سیکسی لباس میں پیش کرنے میں جرمنی اور آسٹریلیا کے بعد بھارت تیسرے نمبر پر ہے، جب کہ 25.2 فی صد کے ساتھ پرکشش خواتین کو فلموں میں دکھانے کے معاملے بھارت سرفہرست ہے۔

بھارت میں تقریباً 35 فی صد خواتین کو قدرے برہنگی اور عریانی کے ساتھ دکھایا جاتا ہے۔ جبکہ دوسری طرف بھارت میں خواتین ہدایت کاروں، مصنفوں اور فلم سازوں کی تعداد بھی نسبتاً کم ہے۔

اسی بارے میں