ووٹرز کو مائل کرنے والے عامر خان خود ووٹ نہیں ڈال سکیں گے

Image caption سماجی مسائل سے متعلق عامر خان کا ٹی وی شو ’ستیہ مے و جیتے‘ کا دوسرا سیزن پانچ اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے

بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان سماجی موضوعات پر بات کرنے اور اپنے سیاسی نظریات کے اظہار کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔

اور اسی لیے شاید عامر خان بھارتی الیکشن کمیشن کے برانڈ ایمبیسڈر ہیں اور تمام اشتہارات میں ووٹروں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے نظر آتے ہیں۔ تاہم اس بار وہ بذات خود ریاست مہاراشٹر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔

واضح رہے کہ کچھ ہی دنوں میں 15 اکتوبر کو مہاراشٹر اسمبلی کے لیے انتخابات ہوں گے اور اطلاعات کے مطابق اس دن عامر خان ممبئی میں موجود نہیں ہوں گے۔

عامر نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا: ’میں پہلے سے طے پروگرام کی وجہ اس دن امریکہ میں ہوں گا۔ مجھے بہت افسوس ہے لیکن میں مجبور ہوں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Star Plus
Image caption عامر خان بھارتی الیکشن کمیشن کے برانڈ ایمبیسڈر ہیں

دوسری جانب سماجی مسائل سے متعلق عامر خان کا ٹی وی شو ’ستیہ مے و جیتے‘ کا دوسرا سیزن پانچ اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے لیکن عامر اس کے پرومشن شوز میں بھی نظر نہیں آ رہے ہیں۔

اس بار ان کے شو کا تھیم ’ممکن ہے‘ ہے۔ بھارت کے ایک اہم اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے شو کے ڈائرکٹر ستیہ جیت بھٹکل نے کہا کہ ’تھیم کو ذہن میں رکھتے ہو پرموز بنائے گئے ہیں اور اس میں ’ممکن ہے‘ کے تصور کو اجاگر کرنے کے لیے عامر کی بہت زیادہ ضرورت محسوس نہیں ہوئی اس لیے انھیں اس میں شامل نہیں کیا گیا ہے اور فوکس موضوع پر رکھا گیا ہے۔

دریں اثنا ریتک روشن نے اپنی فلم ’بینگ بینگ‘ کے پروموشن کے لیے عامر خان کو چیلنج دیا ہے کہ کیا وہ اپنا ٹرانزسٹر ہٹا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ عامر خان کی آنے والی فلم ’پی کے‘ کا پوسٹر جب ریلیز کیا گیا تھا تو اس میں انھوں اپنے ستر کو صرف ایک ٹرانزسٹر سے چھپا رکھا تھا۔

اسی بارے میں