بالی وڈ کی مہنگی ترین فلم؟

تصویر کے کاپی رائٹ Fox Star
Image caption فلم چار ہزار سے زائد پرنٹس کے ساتھ دو اکتوبر کو بھارت کے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کے موقعے پر ریلیز ہو رہی ہے

بالی وڈ کے معروف اداکار ریتک روشن اور قطرینہ کیف کی فلم ’بینگ بینگ‘ بالی وڈ کی تاریخ کی سب سے مہنگی فلموں میں سے ایک ہے۔

اطلاعات کے مطابق فلم کا بجٹ تقریباً 140 کروڑ روپے ہے، جس میں پروموشن اور اشتہارات کی قیمتیں بھی شامل ہیں۔

فوکس سٹار سٹوڈیوز کے بینر تلے بننے والی زبردست ایکشن اور سٹنٹس سے بھرپور اس فلم میں ہالی وڈ کے ایکشن ڈائریکٹر اینڈی آرم سٹرانگ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

آرم سٹرانگ نے ’دا امیزنگ سپائڈر مین 2‘ میں سٹنٹ ڈائریکٹرکی خدمات دی تھیں۔

فلم چار ہزار سے زائد پرنٹس کے ساتھ دو اکتوبر کو بھارت کے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کے موقعے پر ریلیز ہو رہی ہے۔

بھارت میں عام طور پر فلمیں جمعے کو نمائش کے لیے پیش کی جاتی ہیں لیکن یہ فلم ایک دن قبل ریلیز کی جا رہی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Hoture
Image caption شاہد کپور نے بھی ریتک روشن سے کسی نہ کسی چیلنج کی توقع کی تھی

’بینگ بینگ‘ سے منسلک افراد کو فلم سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور ان کے خیال میں فلم کی زبردست اوپننگ ہوگی۔ لیکن ماہرین کے مطابق اس کے بھاری بجٹ کو دیکھتے ہوئے فلم کو ابتدائی تین دنوں کے بعد بھی اچھے بزنس کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اگر ایسا نہیں ہوتا تو فلم گھاٹے کا سودا ثابت ہو سکتی ہے۔

اس فلم کو شاہد کپور کی فلم ’حیدر‘ سے بھی ٹکر مل سکتی ہے کیونکہ اطلاعات کے مطابق یہ فلم بھی اسی دن ریلیز ہو رہی ہے۔

فلم کے پروموشن کے لیے ریتک روشن نے نیا طریقہ نکالا ہے اور انھوں نے اپنے ساتھی اداکاروں کو کوئی نہ کوئی چیلنج دیے ہیں۔ ان میں شاہ رخ کو ایبز دکھانے، رنویر سنگھ کو ممبئی کی سڑکوں پر جھاڑو لگانے کے چیلنج کے ساتھ پرینکا چوپڑا اور سلمان خان کو بھی چیلنج دیے گئے ہیں۔

اب اطلاعات کے مطابق انھوں نے عامر خان کو بھی چیلنج دیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ کیا وہ اپنے پی کے پوسٹر سے ٹرانزسٹر ہٹا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ عامر نے اس میں صرف ایک ٹرانزسٹر سے ستر پوشی کر رکھی ہے۔

اسی بارے میں