ہیرو نمبر ون اب ولن کے روپ میں

تصویر کے کاپی رائٹ Yashraj
Image caption گووندل پہلی بارمکمل طور پر منفی کردار میں نظر آئیں گے

بالی وڈ میں ’ہیرو نمبر ون‘ کے نام سے معروف اداکار گووندا، جو کافی دنوں سے غائب تھے، جلد ہی ولن کے کردار میں نظر آنےوالے ہیں۔

اداکار رنویر سنگھ، علی ظفر اور پرينتی چوپڑا کے ساتھ ان کی فلم ’ كل دل‘ بن کر تیار ہے جو جلد ہی ریلیز ہوگی۔

اس فلم اور اپنے حالیہ واقعات سے متعلق گووندا نے بی بی سی سے خصوصی بات چیت کی۔

پہلی بار یش راج کی فلم

28 برس کے اپنے طویل فلمی سفر میں گووندا نے پہلی بار کسی بھی فلم میں منفی کردار کیا یعنی ولن بنے ہیں۔

اس سے پہلے این چندرا کی فلم شکاری میں ان کا کردار قدرمنفی تھا لیکن گووندا کا کہنا ہے کہ ’شکاری کا کردار گرے شیڈز میں رنگا ہوا تھا۔ ’ كل دل‘ میں میں مکمل طور پر ولن بنا ہوں۔‘

’كل دل‘ یش راج بینر کے ساتھ گووندا کے کیریئر کی پہلی فلم ہے۔ ایسے میں یہ کردار کرتے وقت کیا گووندا کے ذہن میں کوئی جھجھک تھی؟

گووندا کہتے ہیں ’مجھے یقین نہیں تھا کہ میں نیگیٹیو رول کر پاؤں گا۔ میں نے ڈائریکٹر شاد علی اور آدتیہ چوپڑا سے کہا تھا کہ دو تین دن کی شوٹنگ کے بعد اگر تمہیں میرا کام پسند نہ آئے تو میں ہی تمہیں سمجھا دوں گا اور کوئی اچھا سا بہانہ بناکر مجھے نکال دینا۔‘

’میں پیشہ ور ہوں‘

ایک وقت تھا کہ گوندا کی فلمیں ہٹ پر ہٹ ہورہی تھیں اور اپنی ہی فلم ’ہیرو نمبر ون ‘ سے ہیرو نمبر ون کے نام سے مشہور ہوگئے تھے۔

لیکن گذشتہ کئی برسوں سے گووندا کسی فلم میں لیڈ رول کرتے نظر نہیں آئے ہیں بلکہ کچھ فلموں میں چھوٹے رول کرنےکے ساتھ ساتھ بعض چھوٹے موٹے پروڈکٹ کے اشتہار کرتے ہی نظر آئے۔

بعض اشتہارات میں وہ لوگوں کی بہتری کرنے کا دعوی کرنےوالے بعض ایسی مصنوعات کا اشتہار کرتے نظر آتے ہیں جس سے مبینہ طور وہ توہم پرستی کو فروغ دینے کا کام کرتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Hoture
Image caption گووندا کی بیٹی نرمدا بھی جلد ہی فلموں میں نظر آنے والی ہیں

اس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں گوندا نے کہا ’ہم صرف تشہیر کا کام کرتے ہیں۔ خریدنا یا نہ خریدنا گاہک کا فیصلہ ہوتا ہے۔ میں کوئی چیز ان پر مسلّط تو نہیں کر رہا ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا ’میں پیشہ ور آدمی ہوں۔ میں ان چیزوں کی صرف تشہیر ہی تو کر رہا ہوں، انہیں خود فروخت نہیں کرتا ہوں۔‘

گووندا کی بیٹی نرمدا بھی جلد ہی فلموں میں نظر آنے والی ہیں۔ بی بی سی سے خاص بات چیت کے موقع پر انہوں نے اپنی بیٹی نرمدا سے متعلق بھی گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا ’انھوں نے پنجابی آرٹسٹ گپّی گریوال کےساتھ فلم سائن کی ہے۔ کسی بھی فلم کو منتخب کرنے میں انھوں نے کافی وقت لیا ہے۔ نئی نسل ہے ہر کام سوچ سمجھ کرکرتی ہے۔‘

نرمدا کے علاوہ گووندا کے بیٹے يش وردھن بھی اداکاری کے ایک ادارہ میں ایکٹنگ کرنے کی تربیت لے رہے ہیں۔ امکان ہے وہ بھی جلد ہی بڑے پردہ پر نظر آئیں۔

اسی بارے میں