کیا خوب ناچتا ہے ریتک: دھرمیندر

تصویر کے کاپی رائٹ FOX STAR
Image caption ریتک روشن کے رقص کے فن کے مداحوں میں اب دھرمیندر بھی شامل ہو گئے ہیں

بالی وڈ کے معروف اداکار ریتک روشن کو دھرمیندر کے روپ میں ایک اور پرستار مل گیا ہے۔

اس سے قبل ہالی وڈ اداکارہ ہلٹن نے انھیں ’ہاٹ‘ کہا تھا۔

بی بی سی سے خصوصی گفتگو میں سدا بہار اداکار دھرمیندر نے کہا: ’کیا خوب ناچتا ہے ریتک۔ ایسا لگتا ہے جیسے اس کے جسم میں ہڈیاں ہی نہیں ہیں۔ دل چاہتا ہے کہ اسے بس مسلسل دیکھتے ہی رہو۔‘

ان دنوں دھرمیندر کبڈی پر مبنی فلم ’بدلاپور بوائز‘ کے پروموشن میں مشغول ہیں اور اسی سلسلے میں ایک تقریب میں انھوں نے بی بی سی سے خاص بات کرتے ہوئے بالی ووڈ کے نوجوان فنکاروں کی خوب تعریف کی۔

انھوں نے کہا: ’(فلموں میں) بڑے حسین اور خوبصورت لڑکے لڑکیاں آ رہے ہیں۔ فلمیں سو سو کروڑ روپے کما رہی ہیں۔ ہم نے تو کبھی سوچا ہی نہیں تھا کہ ایسا بھی ہوگا۔‘

Image caption دھرمیندر نے اس سے قبل اعتراف کیا تھا کہ اپنے بیٹوں کے ساتھ ان کی فلم ’یملا پگلا دیوانہ‘ ان اچھی کوشش نہیں تھی

اس موقعے پر دھرمیندر نے یہ بھی بتایا کہ ان کے بیٹے سنی دیول کی سپر ہٹ فلم ’زخمی‘ کے سيكول ’زخمی -2‘ کی ہدایت بذات خود سنی دیول دیں گے۔

اس فلم کی ریلیز کے بارے طویل عرصے سے بات چیت جاری ہے تاہم ریلیز ہونے کی تاریخ کے بارے میں فی الحال دھرمیندر نے بھی کچھ نہیں بتایا۔

یاد رہے کہ سنہ 1990 میں ریلیز ہونے والی فلم ’زخمی‘ کے ڈائریکٹر راجکمار سنتوشی تھے۔

دھرمیندر نے بی بی سی سے اپنی پسندیدہ فلموں کے بارے میں بھی بات کی۔

انھوں نے کہا: ’پرتگیہ، ستيہ كام، انوپما اور چپکے چپکے میری پسند فلمیں ہیں۔ مجھے بمل رائے اور رشی کیش مکھرجی کی فلمیں سب سے زیادہ پسند ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Hema Malini
Image caption دھرمیندر اور ہیما مالنی کی جوڑی بالی وڈ کی حسین ترین اور کامیاب ترین جوڑیوں میں شمار ہوتی ہے

ان کی معروف فلموں میں شعلے، کاجل، راجا جانی، دھرم ویر، چپکے چپکے، آنکھیں، میرے ہمدم میرے دوست، آیا ساون جھوم کے، میرا گاؤں میرا دیش، لوفر، وغیرہ شامل ہیں۔

ان دنوں دھرمیندر فلم ’سیکنڈ ہینڈ ہزبینڈ‘ میں کام کر رہے ہیں۔

اس فلم میں اطلاعات کے مطابق وہ ایک دل پھینک معمر شخص کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

اسی بارے میں