بیلفونٹی کے لیے اعزازی آسکر انعام

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption اداکار اور موسیقار ہیری بیلفونٹی، آئرش اداکارہ مورین اوہارا، جاپانی ہدایت کار ہایاؤ میازاکی اور فرانسیسی سکرین رائٹر ژاں کلود کریئر کو لائف ٹائم ایوارڈ سے نوازا گیا

امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقدہ گورنرز ایوارڈ میں سینیما کی چار قدآور شخصیتوں کو اعزازات سے نوازا گیا ہے۔

ان میں اداکار اور موسیقار ہیری بیلفونٹی کے علاوہ آئرش اداکارہ مورین اوہارا، جاپانی ہدایت کار ہایاؤ میازاکی اور فرانسیسی سکرین رائٹر ژاں کلود کریئر شامل تھے۔

انھیں خراج تحسین پیش کرنے والوں میں رون ہاورڈ، سڈنی پوئٹیئر، وارن بیٹی اور ریس ودرسپون شامل تھے۔

بیلفونٹی کو ژاں ہرشولٹ ہیومینیٹرین ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 87 سالہ اداکار شہری حقوق کے لیے آواز اٹھانے کے لیے جانے جاتے ہیں اور انھوں نے اپنے دوست مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کو ان کی مہم میں مالی تعاون فراہم کیا تھا۔

بیلفونٹی یونیسیف کے سفیر بھی رہ چکے ہیں اور افریقہ میں ایچ آئی وی کے خلاف مہم میں بھی شامل رہے ہیں، جبکہ وہ پروسٹیٹ کینسر کے خلاف مہم میں 1996 سے سرگرم ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption دا امیٹیشن گیم میں اداکاری کرنے والی اداکار کیرا نائٹلی اور اداکار کمبیریخت ایک ساتھ نظر آئے

اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ فنکار تہذیب کی انقلابی آواز ہوتے ہیں: ’میری خواہش ہے کہ میں اس صدی کے آخر تک یہ دیکھنے کے لیے زندہ رہوں کہ ہالی وڈ اس صدی میں کیا کرتا ہے۔ شاید یہ تہذیب کے لیے ’گیم چینجر‘ ہو۔‘

اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے میازاکی، اوہارا اور کریئر کو لائف ٹائم ایوارڈ سے نوازا۔

73 سالہ میازاکی تین بار اینیمیشن فلموں کے لیے آسکر کے لیے نامزد کیے گئے ہیں اور سنہ 2002 میں انھیں ’سپریٹڈ اوے‘ کے لیے انعام سے نوازا گیا۔

ان کا تعارف کراتے ہوئے جون لیسیٹر نے کہا: ’میازاکی ہمارے شعبے میں کام کرنے والے سب سے منفرد فنکار ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جینیفر اینسٹن بھی اپنے منگیتر کے ساتھ موجود تھیں

اوہارا نے بہت سے فلموں میں کام کیا لیکن انھیں کبھی بھی آسکر میں نامزد نہیں کیا گیا۔ ان کا تعارف کراتےہوئے لیام نیسن اور کلنٹ ایسٹ وڈ نے ان سے ساتھ اپنی فلم کے واقعات یاد کیے۔

کریئر نے فرانسیسی، جرمن اور انگریزی میں فلموں کے منظرنامے لکھے ہیں جن میں ہوٹل پیراڈیزو، دا ٹن ڈرم، دا ان بیئریبل لائٹنس آف بینگ، اور گویاز گوسٹ وغیرہ شامل ہیں۔

اسی بارے میں