’ہاں میرے انوشکا کے ساتھ تعلقات ہیں‘

Image caption ہم اس بارے میں بات کرنا پسند نہیں کریں گے کیونکہ یہ ہمارے لیے ہمارا انتہائی ذاتی معاملہ ہے اور میڈیا اور ہر کسی کو اس کا احترام کرنا چاہیے: کوہلی

بھارتی کرکٹ کھلاڑی اور معروف بلے باز وراٹ کوہلی نے پہلی بار تسلیم کیا ہے کہ فلم اداكارہ انوشكا شرما کے ساتھ ان کے تعلقات ہیں اور وہ دونوں ملاقاتیں کرتے ہیں۔

اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کوہلی نے میڈیا اور لوگوں سےگذارش کی کہ یہ ان کی ذاتی زندگی ہے اور ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جانا چاہیے۔

’اب جو بھی کچھ ہے سب کے سامنے ہے۔ ہم کچھ بھی نہیں چھپا رہے ہیں اور نہ چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں کچھ نہیں چھپانا چاہتا۔ لیکن اگر آپ ایک ہی بات کو بار بار پوچھیں گے تو یہ بحث کا موضوع بن جاتا ہے اور پھر دونوں کو لگتا ہے کہ یہ صحیح نہیں ہے۔‘

کوہلی نے یہ بات ایک پروگرام کے دوران میڈیا سے بات چیت کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات تو اب منظرِ عام پر آ گئی ہے کہ ان کے اور انوشكا کے درمیان رشتہ ہے اور لوگوں کو اس سے متعلق اب قیاس آرائی نہیں کرنی چاہیے۔

’اگر آپ دونوں کو ایک ساتھ دیکھا جاتا ہے اور پھر بھی لوگ پوچھتے ہیں کہ کیا یہ سچ ہے؟ تو یہ معاملہ عام سمجھ کا ہے۔ اگر آپ جانتے ہیں تو پھر یہ سوال کیوں۔ یہی ہمارا کہنا ہے۔ یہ کوئی غلطی نہیں ہے جو ہم کر رہے ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا ’ہم اس بارے میں بات کرنا پسند نہیں کریں گے کیونکہ یہ ہمارے لیے ہمارا انتہائی ذاتی معاملہ ہے اور میڈیا اور ہر کسی کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔‘

بھارتی ذرائع ابلاغ میں اداکارہ انوشکا شرما اور کوہلی کے درمیان تعلقات کے حوالے سے اکثر خبریں آتی رہی ہیں۔

دونوں کو کئی بار ساتھ بھی دیکھا گیا جن کی تصویریں بھی شائع ہوئیں۔ تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ خود کوہلی نے اس کی تصدیق کی ہے۔

اسی بارے میں