سلمان بنیں گے شیو، پاروتی کی تلاش جاری

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سلمان خان کے ساتھ اس سال کرن جوہر نے اپنے معروف ٹی وی شو ’کافی ود کرن‘ کا آغاز کیا تھا جو بہت مقبول ہوا تھا

معروف فلم ساز کرن جوہر کی اگلی فلم میں بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان کی انٹری کی خبریں گذشتہ کئی مہینوں سے گردش کر رہی ہیں۔

لیکن اب اس مجوزہ فلم کے ہدایت کار کرن ملہوترہ نے ’پنک وِلا‘ پورٹل کو تصدیق کر دی ہے کہ مرکزی کردار کے لیے سلمان خان کو منتخب کر لیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ فلم مصنف اميش ترپاٹھی کی کتاب پر مبنی ہے۔ سنہ 2010 میں آنے والی اميش ترپاٹھی کی کتاب ’میلوہا مرتيونجے‘ کی مقبولیت کو دیکھ کر کرن جوہر نے اس کو اپنی فلم کے لیے سکرپٹ کے طور پر منتخب کیا تھا۔

کرن ملوہوترہ نے بتایا: ’لیڈ رول یعنی شیو کا کردار نبھانے کے لیے سلمان خان کو فائنل کر لیا گیا ہے اور فی الحال پاروتی کی تلاش جاری ہے، جلد ہی فلم فلور پر ہوگی۔‘

یہ فلم اساطیری کرداروں پر مبنی ہے۔

فلمی دنیا پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ فلم کی عکس بندی گذشتہ سال دسمبر میں ہی شروع ہو جانی چاہیے تھی لیکن فلم کے لیے پہلے منتخب کیے جانے والے ہیرو ریتک روشن کی وجہ سے یہ فلم التوا میں رہی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Star World
Image caption کرن جوہر کے شو میں سلمان خان نے بہت سے پہلوؤں کو اپنے انداز میں بیان کیا تھا

ریتک برین سرجری اور پھر فلم ’بینگ بینگ‘ کی وجہ سے اس فلم کے لیے وقت نہیں نکال سکے۔

اس عرصے میں کرن جوہر کیمپ، جسے شاہ رخ خان سے قریب خیال کیا جاتا ہے، کے اور سلمان خان کے درمیان کشیدگی کم ہوئی ہے اور اب لیڈ رول کے لیے سلمان خان کو منتخب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ فلم میں لگاتار تاخیر کے سبب اس فلم میں پاروتی کے کردار کے لیے منتخب کی جانے والی اداکارہ کرینہ کپور بھی فلم سے کنارہ کش ہو گئی تھیں۔

اب سلمان خان کی موجودگی میں کیا کرینہ کپور کو پھر سے کے لیے راضی کیا جا سکتا ہے یا پھر سلمان خود ہی اپنی پاروتی منتخب کریں گے؟

بہر حال اطلاعات کے مطابق ایک بار پھر سے اس فلم پر کام شروع ہونے والا ہے۔

اسی بارے میں