’دل والے دلھنیا لے جائیں گے‘ کا نیا ٹریلر جاری

تصویر کے کاپی رائٹ YASHRAJ FILMS
Image caption میگا ہٹ فلم ’دل والے دلھنیا لے جائیں گے‘ سنہ 1995 میں ریلیز ہوئی تھی

بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور اداکارہ کاجول کی سپر ہٹ فلم ’دل والے دلھنيا لے جائیں گے‘ رواں سال 12 دسمبر کو اپنی ریلیز کا ایک ہزارواں ہفتہ پورا کر رہی ہے۔

اور اسی موقعے کو یادگار بناتے ہوئے فلم کی یادیں تازہ کرنے کے لیے یش راج فلمز نے نیا ٹریلر جاری کیا ہے۔

دو منٹ کے اس ٹریلر میں فلم کے کچھ یادگار مناظر شامل کیے گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس کے متعلق گرما گرم بحث ہو رہی ہے اور ٹوئٹر پر DDLJNewTrailer# نامی ہیش ٹيگ ٹرینڈ کر رہا ہے۔

اس فلم نے اپنے زمانے میں کامیابی کے کئی ریکارڈ قائم کیے تھے۔

ممبئی کے معروف سینیما ہال مراٹھا مندر میں مسلسل 20 سال سے روزانہ فلم کا کم از کم ایک شو دکھایا جا رہا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Yashraj Films
Image caption دو منٹ دورانیے کے نئے ٹریلر میں فلم کے کئی یادگار مناظر دکھائے گئے ہیں

سنہ 1995 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں انوپم کھیر، ستیش شاہ اور امريش پوری نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔

فلم کے ہدایت کار یش چوپڑا کے بیٹے آدتیہ چوپڑا تھے اور یہ ہندوستانی سینیما کی تاریخ کی کامیاب ترین فلموں میں شمار ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ بالی وڈ میں گذشتہ کئی برسوں سے یادگار فلموں کو نئے ناظرین تک پہنچانے کے لیے کچھ نہ کچھ کیا جاتا ہے۔ جیسے ’مغل اعظم‘ کو پوری طرح رنگین بنا کر پیش کیا تھا، جبکہ فلم ’شعلے‘ کا تھری ڈی ورژن پیش کیا گیا تھا۔

اسی بارے میں