’امیتابھ دلیپ کمار سے بڑے اداکار ہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ HOTURE
Image caption بھارتی سینیما میں جو عزت اور وقار دلیپ کمار کو حاصل ہوا ہے وہ شاید کسی دوسرے اداکار کو نصیب نہ ہو سکا ہے

بالی وڈ کے سپر سٹار امیتابھ بچن بذات خود دلیپ کمار کی اداکاری کے زبردست مداح ہیں اور انھیں اداکاری کا ادارہ کہتے ہیں۔

تاہم بالی وڈ میں اپنی اداکاری کے لیے معروف اداکار نصیر الدین شاہ کا کہنا ہے کہ ان کی نظر میں امیتابھ بچن، دلیپ کمار سے بھی بہتر اداکار ہیں۔

معروف بھارتی اخبار دا ٹائمز آف انڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نصیر الدین شاہ نے کہا: ’میرے خیال میں امیتابھ بچن، دلیپ کمار سے بہتر اداکار ہیں۔ کیونکہ ایک آرٹسٹ کے طور پر ایک سپر اسٹار کے طور پر ان کی زیادہ لمبی اننگز رہی۔ دونوں ہی اداکاری کے سکول ہیں لیکن امیتابھ بہتر ہیں۔‘

تاہم نصیرالدین شاہ، ہندی سنیما میں دلیپ کمار کے کردار کو امیتابھ بچن سے زیادہ تسلیم کرتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption نصیرالدین شاہ نے کمرشیئل فلموں سے زیادہ آرٹ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں

انھوں نے کہا کہ ’بمل رائے جیسے کلاسک ڈائریکٹر کی فلموں کو دلیپ کمار نے اپنی اداکاری سے عوام تک پہنچایا۔ ان معنوں میں ان کا تعاون زیادہ ہے۔‘

امیتابھ بچن کی اس قدر تعریف کے بعد نصیرالدین شاہ کو ان سے ایک شکایت بھی ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’امیتابھ بچن اتنے با اثر ہو چکے تھے کہ وہ فلم انڈسٹری میں مثبت تبدیلی کر سکتے تھے۔ اس کی ہیت اور سمت و رفتار کو تبدیل کر سکتے تھے لیکن انھوں نے ایسا نہیں کیا۔ وہ پاپ کارن سنیما سے آگے ہی نہیں بڑھ پائے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Saira Bano
Image caption امیتابھ بچن نے فلم شکتی میں دلیپ کمار کے ساتھ کام کیا ہے

انھوں نے مزید کہا کہ ’اس سب کے باوجود ایک اداکار کے طور پر امیتابھ کی عظمت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔‘

دوسری جانب امیتابھ بچن نے برملا کئی بار اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ان کے لیے سب سے بڑا انعام دلیپ کمار کے ساتھ کام کرنا رہا ہے۔

واضح رہے کہ نصیرالدین شاہ نے دلیپ کمار کے ساتھ فلم ’کرما‘ میں کردار نبھایا تھا جبکہ فلم ’شکتی‘ میں امیتابھ نے دلیپ کمار اور امیتابھ آمنے سامنے تھے۔

اسی بارے میں