’ہم سفر‘ کی ماہرہ خان ’رئیس‘ کی بیگم

تصویر کے کاپی رائٹ ZINDGI
Image caption ماہرہ خان کو بھارت میں پاکستانی سیریئل ہم سفر سے مقبولیت ملی

کسی بھی اداکارہ کے لیے شاہ رخ خان جیسے سٹار کے ساتھ کام کرنا اہمیت کا حامل ہے لیکن جب کوئی اداکارہ اپنی پہلی ہی بالی وڈ فلم شاہ رخ خان کے ساتھ کرے تو اس کے لیے جہاں افتخار کا مقام ہے وہیں ایک چیلنج بھی ہے۔

بھارت میں پاکستانی سیریل ’ہم سفر‘ سے شہرت پانے والی پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان بالی وڈ میں قدم رکھنے کو تیار ہیں۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ماہرہ خان بالی وڈ میں شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’رئیس‘ میں ان کے مد مقابل کام کرنے والی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس فلم کی ہدایت ’پرزانیا‘ جیسی فلم کے ہدایت کار راہل ڈھولکیا کر رہے ہیں۔

بھارتی اخبار دا ٹائمز آف انڈیا کے مطابق آڈیشن کے وقت شاہ رخ خان نے انھیں بذات خود آ کر مبارک باد پیش کی تھی۔

اس سے قبل بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ رومانس کرنے کی اپنی دلی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ ZINDAGI
Image caption زندگی میں بھی ان کے کردار کو پسند کیا گيا

جبکہ اس فلم کے پروڈیوسرز میں فرحان اختر اور ریتیش سدھوانی شامل ہیں اور یہ فلم ایکسل انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے بن رہی ہے۔

ریتیش سدھوانی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان کی آنے والی فلم کی ہیروئن ماہرہ خان ہیں اور اس ٹویٹ کے ساتھ انھوں نے ماہرہ خان کی ایک تصویر بھی پوسٹ کی ہے۔

انھوں نے ٹويٹ کیا:’ Our leading lady in #Raees @themahirakhan @iamsrk @rahuldholakia @FarOutAkhtar ‘

تصویر کے کاپی رائٹ ZINDAGI
Image caption اطلاعات کے مطابق ماہرہ خان فلم رئیس میں شاہ رخ خان کی اہلیہ کا کردار ادا کریں گی

کراچی کی اداکارہ ماہرہ کی آخری فلم شعیب منصور کی معروف فلم ’بول‘ تھی جو سنہ 2011 میں آئی تھی۔

بالی وڈ منترا ڈاٹ کام کے مطابق وہ اس فلم میں بالی وڈ کے کنگ آف رومانس کہے جانے والے اداکار شاہ رخ خان کی بیگم کا کردار ادا کریں گی۔

اس فلم میں نوازالدین صدیقی بھی ہیں جو اطلاعات کے مطابق پولیس کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ شاہ رخ ایک گجراتی ڈان کا۔

تصویر کے کاپی رائٹ ZINDAGI
Image caption ماہرہ کی آخری فلم شعیب منصور کی معروف فلم بول تھی

اس سے قبل ماہرہ نے ممبئی میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ بھارت میں اپنے سیریل کی وجہ سے شہرت پانے پر انھیں بہت خوشی ہے۔

اطلاعات کے مطابق گذشتہ ماہ جب وہ ممبئی میں تھیں تو فرحان اختر اور ریتیش سدھوانی نے ان سے ملاقات کی اور رئیس کے لیے ان سے بات کی۔

بالی وڈ سے ملنے والی خبروں کے مطابق اس سے قبل اس فلم کے لیے اداکارہ سونم کپور اور کریتی سنون کے نام پر بھی غور کیا گیاتھا تاہم یہ اہم کردار ماہرہ کی جھولی میں آیا۔

اسی بارے میں