مصر کی فلمی آئیکون فاتن حمامہ انتقال کر گئیں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فاتن حمامہ مصر میں فلموں کے سنہری دور کی اداکارہ تھیں

مصر کی معروف ترین اداکاراؤں میں شمار ہونے والی فاتن حمامہ 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

انھوں نے ایک چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر فلموں میں قدم رکھا تھا اور عرب فلم کی آئیکون بن گئیں۔

انھوں نے اپنے طویل کریئر میں تقریباً 100 فلموں میں کام کیا۔

واضح رہے کہ فاتن حمامہ مصر کے معروف سابق اداکار عمر شریف کی اہلیہ تھیں۔

ان دونوں کی شادی تقریباً 20 سال پر محیط تھی اور دونوں نے سنہ 1950 کی دہائی میں متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔

مصر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی منی کے مطابق حمامہ کا انتقال سنیچر کو صحت کی خرابی کی وجہ سے ہوا۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption انھوں نے اداکار عمر شریف کی محبت میں اسلام قبول کیا

ان کے بیٹے طارق شریف نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے تاہم موت کی وجہ نہیں بتائی۔

ان کا کریئر اس وقت بام عروج پر تھا جب وہ اداکار عمر شریف سے ملیں تھیں۔

وہ ایک مسیحی گھر میں پیدا ہوئیں تھیں اور انھوں نے اداکار عمر شریف کی محبت میں اسلام قبول کیا۔ ان کے مطابق ان کی زندگی میں وہی ایک محبت تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فاتن نے تقریبا 100 فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے

انھوں نے روسی ناول نگار لیو ٹالسٹائی کے شاہکار ناول ’اینا کرینینا‘ پر مبنی فلم ’ریور آف لو‘ یعنی دریائے محبت میں عمر شریف کے ساتھ اداکاری کیا۔

انھوں نے عرب گلوکار عبدالحلیم حافظ کے ساتھ کئی رومانٹک فلموں میں اداکاری کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فاتن حمامہ نے تین شادیاں کیں

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انھوں نے خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والی اور سماجی عدم مساوات کے خلاف بننے والی فلموں میں کام کیا۔

فاتن حمامہ نے تین شادیاں کیں۔ ان کے سوگواروں میں ان کا بیٹا طارق شریف، بیٹی نادیہ ذولفقار اور ان کے تیسرے شوہر محمد عبدالوہاب محمود شامل ہیں۔

اسی بارے میں