کوئن برادرز کانز جیوری کی صدارت کریں گے

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption کوئن برادرز کین فلم فیسٹیول میں اپنی ایک الگ تاریخ رکھتے ہیں، اور ان کی سات فلمیں اس میلے کا حصہ رہ چکی ہیں

’نو کنٹری فار اولڈ مین،‘ ’فارگو‘ اور ’دی بگ لیبوسکی‘ فلموں کے خالق اور آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز کوئن بردارز اس سال کانز فلمی میلے کی جیوری کی سربراہی کریں گے۔

جوئل اور ایتھن کوئن اداکاروں اور فلم میکروں کے اس پینل کی مشترکہ صدارت کریں گے جو مقابلے میں حصہ لینے والوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔

امریکی بھائیوں نے اس سال فرانسیسی فلمی میلے کی صدارت کا موقع ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران انھیں دنیا بھر کی فلمیں دیکھنے کا موقع ملے گا جو ان کے لیے خوشی کا باعث ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کانز ایسا فلمی میلہ ہے جو ان کے لیے کریئر کے آغاز ہی سے اہمیت کا حامل ہے۔

کوئن بردارز کے بقول جیوری کی صدارت ان کے لیے بڑا اعزاز ہے کیونکہ وہ انھوں نے ’اس سے پہلے کسی چیز کی صدارت نہیں کی۔‘

کوئن برادرز کانز فلمی میلے میں اپنی ایک الگ تاریخ رکھتے ہیں، کیونکہ ان کی 16 میں سے سات فلمیں اس میلے کا حصہ رہ چکی ہیں۔

اب تک اس میلے میں ’براٹن فنک،‘ ’فارگو‘ اور ’دی مین ہو واز ناٹ دئیر‘ کوئن برادرز کو تین بار بہترین ہدایت کار کا انعام دلا چکی ہیں۔

2015 کا کانز فیسٹیول 13 اور 24 مئی کے درمیان ہو گا۔ اس میں حصہ لینے والے جیوری کے دیگر ارکان کا اعلان اپریل میں کیا جائے گا۔

اسی بارے میں