سلیم خان کا پدم شری ایوارڈ لینے سے انکار

Image caption میں کوئی تنازع کھڑا نہیں کرنا چاہتا لیکن میرا درجہ اب پدم بھوشن جیسے اعزاز کا ہے: سلیم خان

بالی وڈ کے مشہور سکرپٹ رائٹر اور اداکار سلمان خان کے والد سلیم خان نے مرکزی حکومت کی جانب سے دیا جانے والا پدم شری اعزاز لینے سے انکار کر دیا ہے۔

بی بی سی کی مدھو پال سے خصوصی گفتگو میں سلیم خان نے اس بات کی تصدیق کی اور کہا کہ ’ہاں، میں نے پدم شری لینے سے انکار کیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ میں پدم شری کے خلاف نہیں ہوں۔ انہوں نے اتنی تاخیر سے مجھے پدم شری دینے کا فیصلہ کیا۔ اب انہیں مجھے کچھ دینا چاہیے جو میرے درجے کا ہو۔ پدم شری تو مجھ جونیئر پچاسیوں افراد کو مل چکا ہے۔ کیا 79 برس کی عمر مجھے یہ دینا مناسب ہے؟‘

سلیم خان نے جاوید اختر کے ساتھ مل کر دیوار، شعلے، زنجیر اور ترشول جیسی کامیاب فلموں کی کہانیاں لکھی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’حکومت کی کارکردگی کچھ تو غلط ہے۔ میں کوئی تنازع کھڑا نہیں کرنا چاہتا لیکن میرا درجہ اب پدم بھوشن جیسے اعزاز کا ہے۔‘

خیال رہے کہ بھارتی حکومت نے ملک کے 66 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والے 104 افراد کو ملک کے اعلیٰ شہری ایوارڈز دینے کا اعلان کیا ہے۔

ایوارڈ پانے والوں میں بھارتی فلمی دنیا کے کئی بڑے نام شامل ہیں۔

اس برس اداکار دلیپ کمار اور اداکار امیتابھ بچن کو ملک کا دوسرا بڑا شہری اعزاز پدم وبھوشن دیا گیا ہے جبکہ پدم شری پانے والوں میں فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی، موسیقار روندر جین، گیت کار پرسون جوشی جیسی شخصیات شامل ہیں۔

اسی بارے میں