بیفٹا ایوارڈز 2015: ’بوائے ہڈ‘ بہترین فلم

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈز کی تقریب میں ’بوائے ہڈ‘ نے بہترین فلم، جبکہ ایڈی ریڈمین نے ’دا تھیوری آف ایوری تھنگ‘ میں پروفیسر سٹیون ہاکنگ کا کردار نبھانے پر بہترین اداکار کے ایوارڈ جیت لیے ہیں۔

ریڈمین نے کہا کہ یہ ’میری زندگی کی بہترین راتوں میں سے ایک ہے۔‘

اسی فلم کو نمایاں برطانوی فلم بھی قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ اس نے بہترین منظرنگاری کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

ایک لڑکے کی زندگی پر مبنی فلم ’بوائے ہڈ نے،‘ جسے 12 سال کے دوران فلمایا گیا تھا، سال کی بہترین فلم کا اعزاز اپنے نام کیا، جب کہ اسی فلم کے ہدایت کار لنک لیٹر کو بہترین ہدایت کار قرار دیا گیا۔

پیٹریشا آرکیٹ کو اس فلم میں بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بیفٹا ایوارڈز کی تقریب اتوار کی رات لندن کے رائل آپرا ہاؤس میں منعقد ہوئی اور اس کے میزبان سٹیون فرائی تھے۔

جولین مور کو ’سٹل ایلس‘ میں ایلزہائمرز کے مرض کا شکار لسانیات کی ایک پروفیسر کے کردار پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ایڈی ریڈمین نے بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے کے بعد کہا کہ یہ ان کی زندگی کی بہترین راتوں میں سے ایک ہے

انھوں نے اپنا ایوارڈ لیتے ہوئے کہا: ’میں ایلزہائمرز کمیونٹی میں ہر کسی شکریہ ادا کرتی ہوں جنھوں نے وقت صرف کر کے مجھے اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔‘

ویس اینڈرسن کی کامیڈی فلم ’دا گرینڈ بوڈاپیسٹ ہوٹیل‘ کو سب سے زیادہ یعنی پانچ ایوارڈ ملے، جن میں بہترین ملبوسات، پروڈکشن ڈیزائن، میک اپ اور موسیقی کے علاوہ ویس اینڈرسن کے لیے بہترین منظرنگار کا اعزاز شامل ہیں۔

دوسری جنگِ عظیم کے بارے میں فلم ’دی امیٹیشن گیم‘ نو نامزدگیوں کے باوجود کسی بھی ایوارڈ سے محروم رہی۔

تقریب کے دوران پروفیسر سٹیون ہاکنگ غیرمتوقع طور پر سیٹج پر نمودار ہوئے اور انھوں نے کرسٹوفر نولین کی سائنس فکشن فلم ’انٹرسٹیلر‘ کو بہترین سپیشل ایفیکٹس کا ایوارڈ دیا۔

پروفیسر ہاکنگ کے ساتھ اداکارہ فیلیسٹی جونز بھی تھیں، جنھوں نے کہا کہ پروفیسر ہاکنگ ’دنیا میںسٹیون فرائی (تقریب کے میزبان) کے بعد سب سے ذہین انسان ہیں۔‘

اس پر سٹیون ہاکنگ نے اپنی بولنے والی مشین کے ذریعے جواب دیا، ’اور سب سے زیادہ خوش شکل بھی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption پروفیسر سٹیون ہاکنگ نے غیرمتوقع طور پر سٹیج پر نمودار ہو کر سب کو حیران کر دیا

اسی بارے میں