’جان سٹیورٹ اور دا ڈیلی شو کا ساتھ ختم ہونے کو ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption کامیڈی سینٹرل کے بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ جان سٹیورٹ مستقبل میں کیا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں

امریکی ٹی وی کے مقبول میزبان جان سٹیورٹ سالِ رواں کے آخر میں اپنے پروگرام دا ڈیلی شو سے علیحدگی اختیار کر لیں گے۔

سٹیورٹ نے 1999 میں کامیڈی سینٹرل چینل پر اس پروگرام کی میزبانی شروع کی تھی اور چینل کی صدر مشیل گینلیس کے مطابق وہ سنہ 2015 کے اواخر تک اس سے وابستہ رہیں گے۔

میشل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ان کی مزاحیہ صلاحیتیں بےمثال ہیں۔‘

ان کا کہنا ہے کہ سٹیورٹ ’مزاح کی دنیا کی فطین شخصیت ہیں جن میں یہ صلاحیت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے اور وہ ہمیشہ کامیڈی سینٹرل کے خاندان کا حصہ رہیں گے۔‘

جان سٹیورٹ کامیڈی سینٹرل سے علیحدگی اختیار کرنے والے دوسرے اہم میزبان ہیں۔

ان سے قبل سٹیفن کولبرٹ نے اس چینل سے الگ ہونے کے بعد سی بی ایس چینل پر لیٹ نائٹ شو میں ڈیوڈ لیٹرمین کی جگہ لی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سٹیورٹ سیاسی اور عوامی شخصیات کو مدعو کر کے ان سے چبھتے ہوئے سوالات کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔

جان سٹیورٹ کے ڈیلی شو کو اکثر نوجوانوں کے لیے خبروں کے مرکزی منبع کے طور پر جانا جاتا ہے اور اس کے ناظرین کی اوسط تعداد دس لاکھ ہے۔

سٹیورٹ اس پروگرام میں سیاسی اور عوامی شخصیات کو مدعو کر کے ان سے چبھتے ہوئے سوالات کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔

کامیڈی سینٹرل کے بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ جان سٹیورٹ مستقبل میں کیا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور یہ کہ ان کی جگہ پروگرام کی میزبانی کون کرے گا۔

سٹیورٹ نے نومبر میں ایک ٹی وی انٹرویو میں ان خبروں کی تصدیق کی تھی کہ وہ دا ڈیلی شو سے علیحدہ ہونے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آپ ایک ہی جگہ صرف اس لیے نہیں رہ سکتے کہ آپ کو لگتا ہے کہ آپ نے وہاں ایک اچھا گھر بنا لیا ہے اور یہی وہ چیز ہے جس کی وجہ سے میں مشکل میں ہوں۔‘

سٹیورٹ نے کہا تھا کہ ’مجھ پر ابھی یہ واضح نہیں۔ جس لمحے میں یہ کہوں گا کہ بس میں اب یہ نہیں کروں گا، مجھے اسی وقت سے اس کی یاد ستانے لگے گی۔‘.