’ہاؤس آف کارڈز‘ کا نیا سیزن قبل از وقت نیٹ فلکس پر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ’ہاؤس آف کارڈز‘ میں مشہور اداکار کیون سپیسی نے فرانسس انڈروڈ نامی سیاست دان کا کردار ادا کیا ہے

امریکہ میں ویڈیو سٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کے صارفین مقبول ڈراما سیریز ’ہاؤس آف کارڈز‘ کے تیسرے سیزن کو مقررہ شیڈیول سے دو ہفتے قبل ہی کچھ دیر کے لیے دیکھ لیا ہے۔

بدھ کی دوپہر تقریباً 30 منٹ کے لیے امریکہ میں نیٹ فلکس کے صارفین کو اس سیزن کی تمام اقساط تک رسائی رہی۔

تاہم یہ خبر عام ہونے تک کمپنی نے سیزن کی 14 اقساط تک عام رسائی بند کر دی۔

نیٹ فلکس نے ان اطلاعات سے انکار کیا ہے کہ یہ رسائی جان بوجھ کر دی گئی اور کمپنی کی تشہیری مہم کا حصہ تھی۔

کمپنی نے اپنی ٹوئٹر فیڈ پر اس واقعے کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ یہ واشنگٹن ہے اس لیے یہاں اس طرح کی چیزیں لیک ہو ہی جاتی ہیں اور ہاؤس آف کارڈز کا سیزن 27 فروری ہی کو ریلیز کیا جائے گا۔

جو صارف اس نصف گھنٹے میں ہاؤس آف کارڈز تک رسائی پانے میں کامیاب رہے ان میں سے کچھ کا کہنا ہے کہ جب تک انھیں ویب سائٹ سے ہٹا نہیں دیا گیا وہ نئے سیزن کی اقساط دیکھنے میں کامیاب رہے۔

’ہاؤس آف کارڈز‘ میں مشہور اداکار کیون سپیسی نے فرانسس انڈروڈ نامی سیاست دان کا کردار ادا کیا ہے جو عہدۂ صدارت تک پہنچنے کے لیے کوشاں ہے۔

اسی بارے میں