عرفان اور نواز خفا خفا، ایک اشتہار کے لیے عامر کو دو کروڑ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption عرفان خان اور نوازادین صدیقی آخری بار ایک ساتھ فلم ’لنچ باکس‘ میں نظر آئے تھے

بالی وڈ کے معروف اداکار عرفان خان کی فلم ’قصہ‘ اور نوازالدین صدیقي کی فلم ’بدلہ پور‘ حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے۔

’بدلہ پور‘ نے جہاں باکس آفس پر اچھی کمائی کی وہیں عرفان کی فلم ’قصہ‘ کو بھی خوب داد مل رہی ہے۔

بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں

عرفان اور نواز آخری بار ایک ساتھ فلم ’لنچ باکس‘ میں نظر آئے تھے لیکن اطلاعات کے مطابق اب دونوں اداکار ایک دوسرے کا نام سنتے ہی چراغ پا ہو جاتے ہیں۔

حال ہی میں ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران ایک خاتون صحافی نے جب عرفان کے سامنے نواز کا نام لیا تو وہ انٹرویو چھوڑ کر چلے گئے۔

وہیں دوسری جانب انگریزی اخبار ڈی این اے کے ساتھ انٹرویو میں نوازالدین نے کہا کہ وہ بہت ’تنگ‘ ہو گئے ہیں۔

انھوں نے کہا: ’جب لوگ میرا موازنہ عرفان خان سے کرتے ہیں تو میں بہت چڑ جاتا ہوں۔ وہ میرے سینیئر ہیں، میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔ لیکن مجھے بہت برا لگتا ہے جب میرے اور ان کے درمیان موازنہ ہوتا ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ اس طرح ان دونوں کے کاموں کر بہتر طور پر سراہا نہیں جا سکتا۔

تصویر کے کاپی رائٹ shweta pandey
Image caption ان فلموں میں گرودت نے اداکاری بھی کی تھی اور انھیں ہندوستانی سینیما میں میل کا پتھر تصور کیا جاتا ہے

چودھویں کا چاند اب کتابی شکل میں

ہندوستانی سنیما میں گرو دت ان چند مخصوص لوگوں میں شمار کیے جاتے ہیں ، جنھیں اپنے وقت سے آگے کا فلم ساز سمجھا جاتا تھا۔

گرو دت بیک وقت فلمساز، ہدایتکار اور اداکار بھی تھے۔ شاید کم ہی لوگ جانتے ہوں گے کہ گرو دت کا اصلی نام ’وسنت کمار شیو شنکر پاڈوکون‘ ہے۔

حال ہی میں ان کی تین فلموں کی سکرپٹ کو کتابی شکل دی گئی ہے۔ اس کتاب کی رسم اجرا کے موقعے پر بالی وڈ کی معروف شخصیتیں تھی جنھوں گرو دت کی صلاحیتوں پر بات کی۔

پہلی قسط میں ’صاحب، بیوی اور غلام‘، ’چودھویں کا چاند‘ اور ’کاغذ کے پھول‘ شامل ہیں۔ اوم بک انٹرنیشنل اور ودھ ونود چوپڑا نے اس سلسلے کو شروع کیا ہے۔

ودھو کہتے ہیں کہ ’گرو دت نے اپنی فلموں کے بنانے میں کبھی سمجھوتہ نہیں کیا میں ان سے تحریک حاصل کرتا ہوں۔

’وہ ایک فلم شوٹ کرنے میں جتنی ریلیں برباد کرتے تھے ان میں تو تین فلمیں بنائی جا سکتی تھیں۔‘

ہدایتکار دیباکر بینرجی کہتے ہیں: ’گرو دت قابل اعتماد سینیما بناتے تھے۔‘

جبکہ فرحان اختر نے کہا کہ ’ان کی فلمیں شاہکار ہیں جن کا ری میک نہیں ہو سکتا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اگر عامر خان یہ اشتہار کرن راؤ کے ساتھ کرتے ہیں تو ان کا نام ’شاہ رخ خان -گوری‘، ’ابھیشیک - ایشوریا رائے بچن‘ اور ’سیف علی خان اور کرینہ کپور خان‘ جیسی بالی ووڈ جوڑيوں کی فہرست میں شامل ہو جائے گا

عامر خان کو ایک گھنٹے کے لیے دو کروڑ کی پیشکش

بالی وڈ سپر سٹار عامر خان ٹی وی شو ’ستیہ مے و جیتے‘ کی میزبانی کے بعد سے صرف سماجی پیغامات کے اشتہارات میں کام کر رہے ہیں۔ اور ان میں سماجی اصلاح کا پہلو ہوتا ہے۔

انگریزی اخبار مڈ ڈے کے مطابق حال ہی میں عامر خان کو ہاؤس ہولڈ یعنی گھر میں استعمال ہونے والے سامان کے اشتہار کی پیش کش ہوئی ہے۔

برانڈ والے چاہتے ہیں کہ اس اشتہار میں عامر خان کے ساتھ ان کی اہلیہ کرن راؤ بھی ہوں۔

ان کی جوڑی کو اس اشتہار کے لیے ایک گھنٹے کا وقت نکالنے کے لیے دو کروڑ کی پیش کش کی گئی ہے۔

اخبار کے مطابق عامر خان اشتہار کی دنیا میں سب سے مہنگے اداکار ہیں اور بہت سوچ سمجھ کر اشتہارات میں کام کرتے ہیں۔

عام طور پر اشتہار بنانے میں دو تین دن لگتے ہیں لیکن عامر خان کو محض ایک گھنٹے کے لیے دو کروڑ روپے دیئے جائیں گے۔

اگر عامر خان یہ اشتہار کرن راؤ کے ساتھ کرتے ہیں تو ان کا نام ’شاہ رخ خان -گوری‘، ’ابھیشیک - ایشوریا رائے بچن‘ اور ’سیف علی خان اور کرینہ کپور خان‘ جیسی بالی وڈ جوڑيوں کی فہرست میں شامل ہو جائے گا، جو ایک ساتھ اشتہاری فلموں میں کام کرتے ہیں۔