وہ اداکارائیں کہاں گئیں؟

تصویر کے کاپی رائٹ AP

بھارتی فلمی صنعت بالی وڈ میں سلمان خان کا جادو سر چڑھ کے بولتا ہے لیکن اسے اتفاق ہی کہیں گے کہ سلمان خان کے ساتھ فلم میں اپنے کریئر کا آغاز کرنے والی کئی اداکاراؤں کی گاڑی چل ہی نہیں پائی اور وہ گمنامی کے اندھیرے میں کھو گئیں۔

ایک نظر ایسی ہی کچھ اداکاراؤں پر۔

بھاگياشري:

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

بھاگيا شري نے 1990 میں سلمان خان کے ساتھ فلم ’میں نے پیار کیا‘ سے اپنے کریئر کا آغاز کیا۔ فلم کو زبردست کامیابی ملی۔ سلمان خان اور بھاگيا شري کی مقبولیت آسمان چھو گئی۔ لیکن اس کے بعد بھاگيا شري نے ہمالیہ داسانی سے شادی کی اور پھر ان کے ساتھ ہی ’قید میں ہے بلبل‘ اور ’پائل‘ جیسی سپرفلاپ فلمیں کیں۔

اس کے بعد وہ حیرت انگیز طور پر فلموں سے غائب ہی ہو گئیں۔ کئی سالوں بعد وہ ٹی وی سیریل ’لوٹ آؤ ترشا‘ میں نظر آئیں۔

خبریں ہیں کہ اب وہ اپنے بیٹے کو فلموں میں لانچ کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔

بھومیکا چاولہ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

بھومیکا چاولہ نے 2003 میں سلمان خان کی فلم ’تیرے نام‘ سے اپنے بالی وڈ کریئر کا آغاز کیا۔ اگرچہ اس کے پہلے وہ کئی تیلگو فلموں میں کام کر چکی تھیں۔

’تیرے نام‘ بڑی کامیاب رہی لیکن کردار چاولہ کا کریئر ہندی فلموں میں پروان نہیں چڑھ پایا۔

انھوں نے ’رن،‘ ’دل نے جسے اپنا کہا‘ اور ’سلسلہ‘ جیسی فلاپ فلمیں دیں۔

انھوں نے 2007 میں اپنے یوگا گرو بھرت ٹھاکر سے شادی کر لی اور اس کے بعد وہ کسی ہندی فلم میں نظر نہیں آئیں۔ تاہم وہ مسلسل جنوبی بھارتی فلموں میں نظر آ رہی ہیں۔

سنیہا الال

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

سنیہا نے 2005 میں سلمان خان کی فلم ’لکی نو ٹائم فار لو‘ سے اپنا بالی وڈ کریئر شروع کیا۔ ان کی شکل ایشوریہ رائے سے ملتی تھی جس کی وجہ سے وہ خاصی دیر تک موضوعِ بحث رہیں۔

لیکن اس کے بعد بھی ان کا کریئر رفتار پکڑ نہیں پایا۔ اگرچہ انھوں نے کچھ تمل اور تیلگو فلمیں ضرور کیں لیکن بالی وڈ میں نہیں چل پائیں۔

زرين خان

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

2010 میں انھوں نے سلمان خان کی فلم ’ویر‘ سے اپنا کریئر شروع کیا۔ نہ تو فلم چلی اور نہ ہی زرين خان۔

سلمان خان کی اس وقت کی قریبی دوست قطرینہ کیف سے ان کی شکل ملنے کی وجہ سے ان کو توجہ تو ملی لیکن کامیابی نہیں۔

وہ سلمان خان کی ہی سپر ہٹ فلم ’ریڈي‘ کے ایک نغمے ’کریکٹر ڈھیلا‘ میں نظر آئیں۔

ڈیزی شاہ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

ڈیزی شاہ کوریوگرافر گنیش آچاریہ کی دس سال تک ڈانس اسسٹنٹ رہ چکی ہیں۔

کچھ فلموں میں چھوٹے موٹے کردار کرنے والی ڈیزی کو بطور لیڈ ہیروئن سلمان خان نے 2013 میں اپنی ہوم پروڈکشن فلم ’جے ہو‘ میں لانچ کیا۔ فلم چل گئی لیکن ڈیزی کو اس کے باوجود کوئی اور کام نہیں ملا۔

فی الحال ان کے پاس کوئی فلم نہیں ہے اور وہ صرف فلم ایوارڈ فنکشنوں اور فیشن شوز کی زینت بڑھاتی نظر آتی ہیں۔

اسی بارے میں