’میں، سلمان اور شاہ رخ اب بھی جوان ہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ hoture image
Image caption عامر خان نے کہا کہ انھیں اپنی پرانی فلمیں دیکھ کر انہیں بہت كوفت ہوتی ہے۔ عامر مانتے ہیں کہ وہ اس سے بھی بہتر کام کر سکتے تھے

بھارتی فلمی صنعت بالی وڈ کے سٹار عامر خان سنیچر یعنی آج 50 برس کے ہو گئے لیکن ان کا کہنا ہے کہ آج بھی نوجوان ہیں۔

ان کا خیال ہے کہ عمر تو صرف ایک ’نمبر‘ ہے۔

سالگرہ سے ایک دن پہلے ہی 'مسٹر پرفکشنسٹ' نے جمعہ کو میڈیا کی موجودگی میں کیک کاٹ کر جشن منایا۔

عامر خان یہ ماننے کو قطعی تیار نہیں کہ بڑھاپا آ رہا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ 50 تو محض ایک نمبر ہے اور وہ آج بھی اپنے آپ کو 18 یا 20 سال کا نوجوان ہی سمجھتے ہیں۔

’مجھے لگتا ہے کہ میں، سلمان اور شاہ رخ تینوں ہی ابھی جوان ہیں۔ مجھے کہیں سے نہیں لگتا کہ ہم 18 یا 20 کے اوپر ہیں، بلکہ دو تین سال بعد 25 تک ضرور پہنچ جائیں گے۔‘

عامر خان نے کہا کہ انھیں اپنی پرانی فلمیں دیکھ کر انہیں بہت كوفت ہوتی ہے۔ عامر مانتے ہیں کہ وہ اس سے بھی بہتر کام کر سکتے تھے۔

وہ بتاتے ہیں کہ آج ان کے چاہنے والے اور انڈسٹری کے لوگ بھلے ہی انہیں ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کہتے ہوں، پر ابتدائی دور میں ان کی کئی فلمیں ناکام بھی ہوئی تھیں۔

’مجھے ان فلموں سے سیکھنے کو ملا اور آج میں جو کچھ ہوں، ان ناکام فلموں کی وجہ سے ہوں۔‘

عامر خان نے بیماریوں سے بچنے کے لیے گوشت کھانا چھوڑ دیا ہے اور بریانی، مٹن كورما، بٹر چکن، فش کڑی جیسی چیزوں سے عامر نے توبہ کر لی ہے۔

یہی نہیں بلکہ انہوں نے دہی، انڈے، پنیر، گھی اور دودھ سے بننے والی مٹھائیاں بھی چھوڑ دی ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ سب کچھ انہوں نے اپنی بیوی کرن راؤ کی وجہ سے کیا ہے۔