بالی وڈ راؤنڈ اپ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

این ایچ 10

انشکا شرما کی اس ہفتے ریلیز ہونے والی فلم این ایچ 10 کے بارے میں فلم ناقد نمرتا جوشی کا کہنا ہے کہ ’اس فلم سے لوگں کو بہت امیدیں تھیں پر یہ فلم امیدوں پر پوری نہیں اتری۔‘

فلم کے متعلق نمرتا کا کہنا تھا کہ یہ برطانوی فلم ایڈن لیک کی نقل ہے مگر اس کو بھارتی ریاست ہریانہ میں غیرت کے نام پر ہونے والے قتل کے تناظر میں فلمایا گیا ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے نمرتا کا کہنا تھا کہ ’مجھے اسں فلم سے بہت مایوسی ہوئی ہے، یہ فلم ایک اہم سماجی مسئلے کے بارے میں بنائی گئی ہے مگر یہ اپنے موضوع سے انصاف نہیں کر سکی۔‘

جان ابراہم

جان ابراہم کا شمار بالی ووڈ کے ان ہیروز میں ہوتا ہے جن کے جسم کی بہت تعریف کی جاتی ہے مگر جان کا کہنا ہے کہ جسم کی خوبصورتی کے ساتھ صحت مند ہو نا بھی ضروری ہے۔

’آپ کا جسم متناسب ہونا چاہیے، ضروری نہیں ہے کہ آپ کا سِکس پیک ہو اور میں ایمانداری سے کہہ سکتا ہوں کہ آپ سکس پیک والے سے زیادہ صحت مند ہو سکتے ہیں۔ اچھی صحت کے لیے ضروری ہے کہ آپ کا طرزِ زندگی صحت مند ہو اور ہمارا طرزِ زندگی اس کی کوئی اچھی مثال نہیں ہے۔‘

ودو ونود چوپڑا

ڈائریکٹر ودو ونود چوپڑا نے تھری ایڈیٹس، منا بھائی اور پی کے جیسی کامیاب فلمیں بنائی ہیں مگر اس مقام تک پہنچنے کے لیے انھوں نے کافی پاپڑ بیلے ہیں۔

اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ’ہندی فلم بنانا میرا بہت بڑا خواب تھا میں جب ممبئی آیا تو میں نے اپنی ڈپلوما فلم امیتابھ بچن صاحب سے دیکھنے کی درخواست کی جو انھوں نے مان لی اور فلم دیکھنے کے بعد ان کہنا تھا کہ ہم کب ساتھ کام کیں گے، تو میں نے کہا اب میری جدوجہد کامیاب ہو گئی ہے۔‘

بپی لہری

مشہور موسیقار بپی لہری آج کل کے بھارتی گانوں کی شاعری سے ناخوش نظر آتے ہیں اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ’پارٹی آل نائٹ اور واڈکا جیسے گانے نہیں ہونے چاہییں کیونکہ یہ بھارتی ثقافت نہیں ہے۔‘

اسی بارے میں