’گیم آف تھرونز دس سال بھی چلے تو اعتراض نہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption گیم آف تھرونز کا نیا سیزن آئندہ ماہ سے ایچ بی او پر نشر کیا جائے گا

امریکی ٹی وی چینل ایچ بی او کا کہنا ہے کہ اسے اپنی مقبول ٹی وی سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کو ایک دہائی تک جاری رکھنے پر کوئی اعتراض نہیں۔

اینٹرٹیمنٹ ویکلی نامی جریدے سے بات کرتے ہوئے چینل کے سربراہ مائیکل لومبارڈو نے کہا ہے کہ یقیناً وہ ایک ناظر کے علاوہ چینل کے سربراہ کے طور پر بھی چاہیں گے کہ یہ سیریز دس سال تک چلتی رہے۔

تاہم انھوں نے کہا کہ اس بارے میں حتمی فیصلہ تو اس سیریز کے خالق کو ہی کرنا ہے۔

’یہ ان کا خیال ہے۔ اگر وہ سات سیزنز سے آگے جانے پر تیار نہیں تو میں ان پر بھروسہ کرتا ہوں کہ یہ درست فیصلہ ہے چاہے میرے لیے کتنا ہی خوفناک کیوں نہ ہو۔‘

مائیکل لومبارڈو کا کہناتھا کہ ’میں یہ کبھی نہیں کروں گا کہ شو کو تب بھی جاری رکھوں جب اس کے خالقین کے خیال میں کہانی ختم ہو چکی ہے۔‘

’گیم آف تھرونز‘ کے خالقین ڈیوڈ بینیؤف اور ڈین ویز یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ اس کہانی کو ساتویں سیزن میں ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

بینیؤف نے کہا ہے کہ ’ہمیں ابھی بہت آگے جانا ہے اور چیزوں کو سمجھنا ہے لیکن ہم یقیناً جانتے ہیں کہ ہم کس سمت میں جا رہے ہیں اور اختتام کہاں ہوگا۔‘

انھوں نے کہا کہ ’ہم نہیں چاہتے کہ لوگ اختتام پر کہیں، خدا کا شکر ہے یہ ختم ہوا۔ ہم جانتے ہیں کہ کتنے گھنٹے کی کہانی باقی رہ گئی ہے اور ہم اس میں مزید دس گھنٹے کا اضافہ نہیں چاہتے۔‘

بینیؤف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’یہ ساری بات اس نکتے کی تلاش ہے جو ہمارے، ایچ بی اور سب سے بڑھ کر ناظرین کے لیے کام کرے۔‘

اس سوال پر کہ اگر نیٹ ورک اس پر تیار نہ ہوا تو کیا ہوگا؟، بینیؤف کا کہنا تھا کہ ’یہ ہمارے کام کا مشکل حصہ ہے۔ ہم بیٹھ کر ایمانداری سے بات چیت کریں گے جس میں تمام ممکنہ پہلو مدِنظر رکھے جائیں گے۔‘

اسی بارے میں