انڈیا: فلموں کے نیشنل ایوارڈز کا اعلان، حیدر فلم کو متعدد ایوارڈز

کنگنا راناوت تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کنگنا راناوت کا شمار ایک بہترین اداکارہ کے طور پر ہوتا ہے

انڈیا میں سنہ 2015 کے فلموں کے لیے قومی اعزاز یا نیشنل ایوارڈز کا اعلان کردیا گیا ہے جن میں ’کوئن‘ فلم کو بہترین ہندی فلم اور فلم کی اداکارہ کنگنا راناوت کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ فلم حیدر کو متعدد شعبوں میں ایوارڈز دیے گئے ہیں۔

بانسٹھویں قومی فلم ایوارڈز میں اس بار ’بہترین فیچر فلم‘ کا اعزاز ’مراٹھی فلم‘ کورٹ کو دیا گیا ہے۔

قومی ایوارڈز کا اعلان دلی میں منگل کو ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا ہے۔ ہر برس حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے نیشنل اعزاز ملک کی سبھی زبانوں کی فلموں کے لیے ہوتے ہیں اور یہ اعزاز بے حد اہمیت کے حامل ہیں۔

بھارت کی خاتون مکے باز میری کوم کی زندگی پر مبنی فلم ’میری کوم‘ کو تفریح سے بھرپور فلم کا اعزاز دیا گیا ہے۔

کنگنا راناوت کو ان کی مقبول ترین فلم ’ کوئن‘ میں اداکاری کے لیےبہترین ادارکارہ کا اعزاز دیا گیا ہے۔ اس برس بہترین فلم کا ’ فلم فیئر‘ ایوارڈ بھی انہیں کو حاصل ہوا تھا۔ کوین فلم ایک مڈل کلاس لڑکی کی کہانی ہے جو کہ شادی کے دن منگیتر کی جانب سے انکار کے بعد اکیلے چٹھی منانے بیرونی ملک جاتی ہے ۔

بہترین مرد اداکار کا ایوارڈ جنوبی ریاست کرناٹک میں بولی جانے والی کننڑا زبان کی فلموں کے ہیرو وجے کو ’نانو اونالو اولو‘ فلم کے لیے دیا گيا ہے۔

فلم ’حیدر‘ کو بہترین موسیقی کے لیے ایوارڈ دیا گیا اور بہترین موسیقی کار کے لیے فلم کے ہدایت کار وشال بھاردواج کو ایوراڈ دیا گیا ہے۔

اسی فلم کو ’بہترین کوریوگرافی‘، ’ بہترین ملبوسات‘ اور بہترین ڈائیلاگ کے لیے بھی ایوارڈ دیا گیا ہے۔

حیدر فلم کے ’بسمل‘ نغمے کے لیے گلوکار سکھوندر کو بہترین گلوکار کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

اسی بارے میں