’کسی نے اسلام پر فلم بنانے کی ہمت نہیں کی‘

نصیرالدین شاہ
Image caption نصیرالدین شاہ نے حال ہی میں پاکستانی فلم ’زندہ بھاگ‘ میں اہم کردار ادا کیا ہے

بالی وڈ کے معروف اداکار نصیر الدین شاہ کہتے ہیں کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ بالی وڈ میں کسی ہدایت کار یا فلم ساز میں اسلام پر فلم بنانے کی ہمت نہیں ہوئی ہے۔

دراصل ہوا یوں کہ نصیرالدین شاہ سے جب یہ پوچھا گیا کہ فلم ’پی کے‘ میں ڈائریکٹر راجکمار ہیراني نے ہندو مذہب میں پھیلی ہوئی بہت سی برائیوں پر تو جم کر طنز کیا ہے لیکن اسلام پر طنزکرنے سے انھوں نے گریز کیا۔ بھلا ایسا کیوں؟

اس کے جواب میں نصیر الدین شاہ نے کہا: ’یہ سوال آپ ہیراني صاحب سے پوچھیں۔ ان کی فلم پی کے میں یہ مسئلہ کیوں نہیں اٹھایا گیا۔ انھوں نے مسلمانوں کا مذاق کیوں نہیں اڑایا؟‘

نصیرالدین کا مزید کہنا تھا: ’پاکستان میں تو ہمت ہوئی تھی فلم ’’خدا کے لیے‘‘ بنانے کی ایسی ہمت کوئی ہمارے یہاں نہیں کر پایا۔ پتہ نہیں کیوں؟‘

نصیرالدین شاہ کی نئی فلم ’دھرم سنکٹ‘ دس اپریل کو ریلیز ہورہی ہے اور یہ فلم مذہبی سادھوؤں سنتوں پر طنز کرتی ہے۔

فلم میں پریش راول بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

نصیرالدین شاہ نے حال ہی میں کہا تھا کہ ’بھارتی فلموں میں پاکستان کی شبیہ ایک دشمن کے طور پر دکھا کر برین واشنگ کی جاتی ہے۔‘

ان کا یہ بیان پاکستان کے اخبارات اور سوشل میڈیا پر خاصا مقبول ہوا تھا۔

Image caption نصیرالدین شاہ کا کہنا ہے کہ ان کی نسل کے درمیان پاکستان کے خلاف نفرت بھر دی گئی ہے

اس بیان سے متعلق انھوں نے کہا: ’مجھے لگتا ہے کہ کہیں ہماری رگوں میں ہی پاکستان کے ليے کچھ نفرتیں دوڑ رہی ہیں۔ معلوم نہیں کیوں؟‘

ان کا کہنا تھا: ’میں امید کرتا ہوں کہ آنے والی نسل میں اس طرح کا زہر نہیں ڈالا جائے گا جو ہماری رگوں میں ڈالا گیا تھا۔ پتہ نہیں ہم ان کے لیے (پاکستانیوں کے لیے) ہمیشہ ہی بے رخی والا رویہ کیوں رکھتے ہیں؟‘

انھوں نے کہا: ’اس کی وجہ اگر فلمیں ہیں تو میں سمجھتا ہوں کہ یہ غلط ہیں۔ یہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے اسے ہمیں ختم کر دینا چاہیے۔‘

نصیرالدین شاہ کا شمار انڈیا کے مقبول اور باوقار اداکاروں میں ہوتا ہے۔

انہوں نے ’ معصوم،‘ ’سپرش،‘ ’امرا‎ؤ جان،‘ ’اجازت‘، ’ہیروہیرالال اور حال ہی میں ’ڈرٹی پکچر‘ جیسی متعدد مقبول ترین فلموں میں کام کیا ہے۔

نصیرالدین شاہ نے حال ہی پاکستانی فلم ’زندہ بھاگ‘ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

اسی بارے میں