’دپیکا یا سونم کیوں، میں خود نئی نسل کی سپرسٹار ہوں‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کنگنا نے کہا ہے کہ وہ ایوارڈ شوز میں جانا پسند نہیں کرتیں

دو بار نیشنل فلم ایوارڈ جیتنے والی اداکارہ کنگنا راناوت ہمیشہ ہی براہ راست اور بیباک بیانات کے لیے فلم انڈسٹری میں مشہور رہی ہیں۔

حال ہی میں ممبئی میں صحافی انوپما چوپڑا کی کتاب ’فرنٹ رو، كنورسیشن آن سینیما‘ کی تقریبِ رونمائی میں بھی کنگنا نے صحافیوں سے ایسی ہی باتیں کیں۔

کنگنا کا کہنا تھا کہ ’جب میں اتنی کامیاب نہیں تھی تب کوئی میرا انٹرویو لینے نہیں آتا تھا اور اکثر مجھ سے ایک ہی سوال پوچھا جاتا تھا کہ سونم یا دیپکا میں سے کون نیكسٹ جنریشن کی سپرسٹار اداکارہ بنے گی۔‘

کنگنا نے بتایا کہ اس کا جواب وہ کچھ یوں دیتی تھیں کہ ’نہ دیپکا نہ سونم، نیكسٹ جنریشن سٹار میں خود ہوں۔‘

کنگنا نے کہا ہے کہ وہ ایوارڈ شوز میں جانا پسند نہیں کرتیں۔

’میں بہت شرمیلی ہوں. مجھے ڈر لگتا ہے اور پسینے چھوٹنے لگتے ہیں اس لیے میں ایوارڈ شوز پر نہیں جاتی۔‘

کنگنا نے یہ بھی کہا کہ اس کی ایک وجہ ان کی حساسیت بھی ہے: ’میں بہت حساس ہوں اور تنقید کو بےحد سنجیدگی سے لیتی ہوں یہاں تک کہ بلاوجہ کی تنقید سے بچنے کے لیے میں ٹوئٹر جیسی سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹوں سے بھی دور رہتی ہوں۔‘

اسی بارے میں