انوشکا اداکارہ نہیں ماڈل بننا چاہتی تھیں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption انوشکا شرما نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم رب نے بنادی جوڑی سے اپنے کریئر کی ابتدا کی

بالی وڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما نے گذشتہ روز یکم مئی کو اپنی سالگرہ منائی جس میں بالی وڈ کی معروف شخصیات یکجا تھیں۔

انھوں نے یش راج فلمز سے اپنے کریئر کا آغاز کیا لیکن وہ اداکارہ کے بجائے ماڈل بننا چاہتی تھیں۔

بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں

اس سے قبل بی بی سی کے ساتھ ایک گفتگو میں انھوں نے اپنے کریئر کے بارے میں بتایا: ’میں یکایک فلموں میں چلی آئی، میں نےکبھی اس کے لیے کوئی منصوبہ نہیں بنایا تھا۔‘

انھوں نے اطمیان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’اب جب میں پیچھے مڑ کر دیکھتی ہوں تو میرے خیال سے میرا سفر بہت ہی خوبصورت رہا ہے۔ میں جو کرنا چاہتی تھی وہ میں کر پائی اور میں اس میں بہت کامیاب بھی رہی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption فلم پی کے اور این ایچ 10 کے بعد اب ان کی آنے والی فلم بامبے ویلوٹ ہے

انوشکا کا فلمی آغاز بالی وڈ کے معروف ترین اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’رب نے بنادی جوڑی‘ سے ہوا لیکن اس کے بعد ان کو بہت زیادہ کامیابی نہیں ملی۔

ان کی اداکاری کو ’بینڈ باجا بارات‘ سے سراہا گیا۔ وہ کہتی ہیں: ’مجھے اس فلم پر ناز ہے کیونکہ پہلی بار مجھے نوٹس کیا گیا۔ ایک ایسی فلم میں جس میں اداکار بھی نیا تھا اور ہدایت کار کی بھی وہ پہلی فلم تھی۔ تب یہ ہوا کہ لوگ آپ کو آپ کی صلاحیت پر پسند کرتے ہیں اور اس کا احساس مختلف ہوتا ہے۔‘

پھر انوشکا کی فلم ’لیڈیز ورسز رکی بہل‘ آئی اور گذشتہ دنوں فلم ’پی کے‘ اور ’این ایچ 10‘ نے ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ کیا ہے۔

کمل ہاسن کی فلم اتتم ولین کی ریلیز میں تاخیر

جنوبی ہند کے معروف اداکار کمل ہاسن جو فلموں میں اپنی جدت پسندی کے لیے معروف ہیں ان کی فلم ’اتتم ولین‘ گذشتہ روز جمعے کو ریلیز نہ ہوسکی۔

ان کے زبردست مداحوں نے فلم ریلیز نہ ہونے پر برانگیختہ نظر آئے اور انھوں نے چینئی میں سڑکیں روک دیں اور نعرے بازی کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ KAVITHALAYAA
Image caption کمل ہاسن کے ساتھ کے بالا چندرن نظر آ رہے ہیں جو اب اس دنیا میں نہیں رہے

کمل ہاسن کی فلم ’اتتم ولین‘ تمل فلموں کے سپر سٹار منورجن کے کردار پر مبنی ہے جو اپنے ماضی سے حال کو ہم آہنگ کرنے کی کوشش کرتا نظر آتا ہے۔

خیال رہے کہ اس فلم پر ہندو سخت گیر تنظیم نے وی ایچ پی نے پابندی عائد کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا کیونکہ بقول ان کے اس میں ہندو دیوتا وشنو کی قابل اعتراض پیشکش کی گئی تھی لیکن ہائی کورٹ نے اس پر پابندی لگانے سے انکار کر دیا۔

اطلاعات کے مطابق یہ فلم مالی وجوہات کی بنا پر جمعے کو ریلیز نہ ہو سکی تاہم وہ سنیچر کو ریلیز کی جا رہی ہے۔

ایک عرصے بعد کمل ہاسن کے مداح ان کو ایک منفرد کردار ادا کرتے ہوئے دیکھیں گے۔

اس فلم کی ہدایت اداکار رمیش اروند نے کی ہے اور اس میں دادا صاحب پھالکے انعام سے سرفراز کے بالا چندرہن کے علاوہ پوجا کمار، اروشی اور دیگر اداکار ہیں۔

سلمان کی حمایت میں بالی وڈ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سلمان خان کے خلاف ان دنوں دو پرانے مقدمات زیر سماعت ہیں

سلمان خان کے خلاف کئی مقدمات زیر سماعت ہیں۔ ’کالے ہرن کے شکار‘ کے معاملے میں جودھ پور عدالت کی سماعت آئندہ کے لیے ملتوی ہو گئی ہے جبکہ ’ہٹ اینڈ رن‘ کے ایک دوسرے مقدمے میں فیصلہ چھ مئی کو آنا ہے۔

سلمان خان بالی وڈ میں ہر دل عزیز تصور کیے جاتے ہیں اور ان کے دوست ان کی حمایت میں کھل کر سامنے آئے ہیں۔

معروف اداکار انوپم کھیر جو ان کے ساتھ ’پریم رتن دھن پایو‘ فلم میں ہیں انھوں نے کہا: ’سلمان حیرت انگیز شخصیت کے مالک ہیں۔ وہ بہت انسان دوست اور شاندر انسان ہیں۔ میں ان کے لیے خدا سے دعاگو ہوں کہ سب کچھ بخیرو خوبی انجام پائے۔‘

اداکارہ سوہا علی خان نے کہا: ’سلمان ہمیشہ ہماری فیملی سے قریب رہے ہیں اور ہمیشہ ہماری مدد کی ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ ان کے لیے سب بہتر ہو اور انھیں ہمیشہ ہماری حمایت حاصل ہے۔‘

سوہا کے شوہر کھیمو نے کہا کہ ’عدالت کے فیصلے پر میں کچھ نہیں کہہ سکتا بس اتنا کہ خدا انھیں ان کے اہل خانہ کو بہت ہمت عطا کرے۔‘

اس سے قبل بالی وڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی نے بھی انھی خیالات کا اظہار کیاتھا۔

اسی بارے میں