’کسی اپنے کو سزا ملے تو تکلیف تو ہوتی ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سلمان خان بدھ کے روز گھر سے عدالت کے لیے نکلتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں اور ان کی پشت پر ان کے والد کا ہاتھ ہے

بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان کو ممبئی کی ایک ذیلی عدالت کی جانب سے پانچ سال قید کی سزا سنائے جانے پر بالی وڈ کے فنکاروں نے ان سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔

اپنے زمانے کے معروف اداکار رشی کپور نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا: ’خان خاندان کے مشکل وقت میں کپور خاندان ان کے ساتھ ہے۔ وقت سب سے بڑا مرہم۔ گاڈ بلیس۔‘

اداکار ارجن کپور نے کہا: ’جو کچھ ہو رہا بہت ڈراؤنا ہے، زندگی کتنی ناپائیدار ہے۔ میں دعا کرتا ہوں کہ پہلے کی طرح وہ مزید مضبوط ہوں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سلمان خان کئی بار عالیہ بھٹ کی تعریف کر چکے ہیں

اداکار عالیہ بھٹ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’جب بھی کسی اپنے کو سزا ملتی ہے تو تکلیف ہوتی ہے چاہے انھوں نے غلطی ہی کیوں نہ کی ہو۔ ہمیں تم سے محبت ہے اور ہم تمھارے ساتھ ہیں۔‘

اداکارہ دیا مرزا نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا: ’وہ ایسے شخص ہیں جنھوں نے میری ماں کی زندگی بچائی اور میں اس بات کو کبھی نہیں بھول سکتی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption سلمان خان پہلے بھی جیل کی سزا کاٹ چکے ہیں، اس تصویر میں وہ جیل سے باہر نکلتے ہوئے نظر آ رہے ہیں

اس سے قبل ماضی کی مقبول اداکارہ ہیما مالنی نے سلمان خان کو مجرم ٹھہرائے جانے کے بعد اپنے ردعمل میں کہا کہ وہ دعا کریں گی کہ انھیں زیادہ سزا نہ ہو۔

میکا سنگھ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’میں اس شخص کے ساتھ کھڑا ہوں جو ہر کسی کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔ بڑے بھیا آپ کے لیے ہمیشہ صرف اور صرف احترام ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سوناکشی سنہا نے سلمان خان کے ساتھ فلم دبنگ سے اپنے کریئر کی ابتدا کی تھی

رتیش دیش مکھ کا کہنا تھا کہ وہ عدالت کے فیصلے پر تو تبصرہ نہیں کرنا چاہتے لیکن ان کا دل سلمان خان کے ساتھ ہے جو کہ بڑے دل والے اور فلمی صنعت کے بہترین افراد میں سے ایک ہیں۔

ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے اشک بار ایموٹیکونز کے ساتھ لکھا: ’اب کچھ کہنے کے لیے نہیں ہے صرف یہی کہ آپ سلمان خان ہمیشہ کی طرح ہمت سے کام لیں۔‘

Image caption ڈیزی شاہ سلمان کے ساتھ فلم جے ہو میں آئی تھیں

ڈیزی شاہ نے ٹوئیٹ کیا: ’وہ آدمی رحم دل اور سونے کے دل والا ہے اور کوئی بھی اسے بدل نہیں سکتا۔ خبریں افسردہ کرنے والی ہیں لیکن میں سلمان خان کے ساتھ ہوں چاہے جو ہو۔‘

سوناکشی سنہا نے لکھا: ’دردناک خبر ہے۔ کیا کہنا چاہیے پتہ نہیں بس اتنا کہنا ہے کہ جو کچھ بھی ہو ہم سلمان خان کے ساتھ ہیں۔ وہ ایک اچھے انسان ہیں اور کوئی ان سے یہ نہیں چھین سکتا۔‘

اسی بارے میں