’میرے پاس ماں ہے‘

Image caption ششی کپور نے سو سے زائد ہندی فلموں میں اہم کردار ادا کیا

بالی وڈ کے اپنے زمانے کے معروف اداکار اور ہدایت کار ششی کپور کو اتوار کو باوقار دادا صاحب پھالكے ایوارڈ پیش کیا گیا۔

بھارت میں اطلاعات و نشریات کے وزیر ارون جیٹلی نے ممبئی کے پرتھوی تھیئٹر میں ششی کپور کو فلم کا یہ اہم ترین ایوارڈ دیا۔

خراب صحت کی وجہ سے ششی کپور ایوارڈ لینے دہلی نہیں جا پائے اسی لیے وزیر اطلاعات و نشریات انھیں یہ ایوارڈ دینے اتوار کو ممبئی پہنچے۔

ارون جیٹلی نے کہا کہ ششی کپور ایسے شخص ہیں جنھوں نے ہالی وڈ اور بالی وڈ کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔

Image caption اس موقعے پر لیے گئے فیملی فوٹو میں اداکار سیف علی خان بھی نظر آ رہے ہیں

اس موقعے پر اداکار اور ششی کپور کے بھتیجے رشی کپور نے کہا: ’ان (ششی) کے ساتھ میں نے چار فلمیں کیں اور وہ ہم سے سخت محنت کرواتے گویا چھڑی لے کر کام کرواتے تھے۔‘

انھوں نے فلم دیوار کے معروف ڈائلاگ ’میرے پاس ماں ہے‘ کا بھی ذکر کیا جو بالی وڈ میں میل کے پتھر کی حیثیت رکھتا ہے۔ اتفاق سے آج ماں سے محبت کے اظہار کے لیے عالمی دن بپی منایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ششی کپور کے ساتھ کئی کامیاب فلموں میں کام کرنے والے بالی وڈ کے سپرسٹار امیتابھ بچن نے کہا: ’وہ میرا سب سے زیادہ خیال رکھنے والے اور دريادل دوست اور انسان ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption یہاں ریکھا، نیتو سنگھ، کرشما کپور، اور رنبیر کپور کو ششی کپور کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے

امیتابھ نے کہا کہ ششی کپور نے پرتھوی تھیٹر قائم کر کے اپنے والد پرتھوی راج کپور اور بیوی جینیفر کا خواب پورا کیا۔

اس موقعے پر ششی کپور کی زندگی اور ان کے کیریئر پر ایک مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں آواز ان کے پوتے اور اداکار رنبیر کپور نے دی تھی۔

اس دستاویزی فلم میں امیتابھ بچن کے علاوہ شرمیلا ٹیگور اور شبانہ اعظمی نے ششی کپور کے ساتھ اپنے تجربات پر اظہار خیال کیا ہے۔

ایوارڈ کی پیشکش کی اس تقریب میں پورا کپور خاندان یکجا تھا۔ اس کے علاوہ سیف علی خان بھی وہاں موجود تھے جو کرینہ کپور کے خاوند ہیں۔ تقریب میں ہیما مالنی، وحیدہ رحمان، ریکھا،

Image caption ششی کپور صحت کی خرابی کی وجہ سے دہلی میں منعقد ہونے والی تقریب میں شریک نہ ہو سکے تھے

ہندوستانی سنیما میں تعاون کے لیے 77 سال کے ششی کپور کے لیے 62 ویں قومی فلم ایوارڈز میں دادا صاحب پھالكے ایوارڈ کا اعلان کیا گیا تھا۔

ششی کپور یہ ایوارڈ پانے والے کپور خاندان کے تیسرے فرد ہیں۔

ان کے والد پرتھوی راج کپور کو 1971 میں اور بڑے بھائی راج کپور کو 1987 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

ششی کپور نے ہندی کے علاوہ کئی برطانوی اور امریکی فلموں میں بھی کام کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ SHASHI KAPOOR
Image caption ششی کپور کو ایک نٹ کھٹ اور چلبلے اداکار کے طور پر بہت پسند کیا گیا

انھوں نے چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر بہت کم عمر میں اداکاری کا آغاز کیا جبکہ سنہ 1961 میں فلم ’دھرم پتر‘ سے ہیرو کا کردار ادا کرنا شروع کیا اور 116 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ان کی اہم فلموں میں ’شرميلي‘، ’ستیم شوم سندرم‘، ’چور مچائے شور‘، ’دیوار‘، ’ترشول‘، ’کبھی کبھی‘، ’کالا پتھر‘، ’فقیرا‘، ’جنون‘ اور ’جب جب پھول کھلے‘ شامل ہیں۔

’نیو ڈہلی ٹائمز‘ کے لیے انھیں بہترین اداکار کے خطاب سے نوازا گیا تھا۔

اسی بارے میں