شاہ رخ خان کا کن سوالات سے پرہیز ہے؟

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شاہ رخ خان بالی وڈ کے بہت حاضر جواب شخصیات میں شمار کیے جاتے ہیں

بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان جن سوالات سے بچنا چاہتے ہیں ان کی فہرست خاصی طویل ہے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا ٹوئیٹر پر اپنے مداحوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے ایک سوال کے جواب میں ناپسندیدہ سوالات کی ایک مختصر سی فہرست جاری کردی۔

ٹوئیٹر پر ہیش ٹیگ AskSRK# کے تحت شاہ رخ خان اپنے مداحوں کے روبرو ہوئے۔

’کریزی می‘ ٹوئٹر ہینڈل سے کسی نے ان سے پوچھا کہ ’لوگوں سے آپ کو کیا سوالات کرنے بند کردینے چاہیں‘ تو انھوں نے پسندیدہ ہیروئن کے علاوہ سلمان خان سے متعلق سوالات کا ذکر کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption یہ ایسے سوالات ہیں جو ان سے بہت زیادہ کیے جاتے ہیں

شاہ رخ نے لکھا: ’پسندیدہ رنگ، پسندیدہ کھانا، سلمان کے ساتھ رشتہ، آمدنی کا مقابلہ، پسندیدہ اداکارہ، فلم کی ریلیز کی تاريخ، آپ اداس کیوں نظر آ رہے ہیں، تھکے ہوئے کیوں لگتے ہیں۔۔۔ وغیرہ وغیر۔‘

خیال رہے کہ سلمان خان اور شاہ رخ خان کے درمیان سنہ 2008 میں قطرینہ کیف کی یوم پیدائش کی ایک پارٹی سے کشیدگی پائی جاتی ہے اور دونوں ایک دوسرے سے اجتناب کرتے رہے تاہم بابا صدیقی کی افطار پارٹی میں دونوں کی ملاقات کے بعد سے ان کے رشتوں میں قدرے نرمی آئی ہے۔

بالی وڈ میں کس کی فلم کی کمائی کیا رہی اس بارے میں موازنہ عام ہے جبکہ شاہ رخ اور اداکارہ کاجول کی جوڑی پر بھی بہت گفتگو رہتی ہے۔

کسی نے ان سے دریافت کیا کہ انھیں ’عامر خان اور سلمان کے بعد تیسرے نمبر پر آنے پر کیسا محسوس ہوتا ہے؟‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption فلم کی کمائی کے موازنے کا بھی چلن عام ہے

اس کے جواب میں شاہ رخ نے اپنے انداز میں لکھا: ’در اصل میں اخیر میں آتا ہوں۔ میں بیک بنچر ہوں اس لیے میں بہت مزے کرتا ہوں۔۔۔‘

ان سے جب یہ پوچھا گیا کہ وہ کس ہالی وڈ فنکار کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گے تو انھوں نے جواب دیا کہ ’اپنے دوست ہو جیک مین کے ساتھ۔‘

بہت سے مداح اپنے سوالوں کے جواب پاکے خوشی سے جھوم اٹھے تو کئی جواب نہ ملنے پر مایوس نظر آئے۔

شاہ رخ خان نے اس بات کو بھی ٹوئیٹ کیا کہ ان کا چیٹ دوسرے نمبر پر ٹرینڈ کررہا ہے اور 49 ہزار لوگوں نے AskSRK# کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹویٹ کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption شاہ رخ اور اداکارہ کاجول کی جوڑی پر بھی بہت گفتگو رہتی ہے

اسی بارے میں