میں بہت بھوکی اداکارہ ہوں: ودیا بالن

تصویر کے کاپی رائٹ FOX
Image caption فلم ’ہماری ادھوری کہانی‘ میں وہ ایک ہوٹل میں گل فروش کا کردار ادا کر رہی ہیں

مسلسل تین فلاپ فلموں ’شادی کے سائڈ ایفیکٹس،‘ ’گھن چكّر،‘ اور ’بابی جاسوس‘ کے بعد بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن کی فلم ’ہماری ادھوری کہانی‘ ریلیز ہونے کو تیار ہے۔

رواں ماہ کی 12 تاریخ کو نمائش کے لیے پیش ہونے والی اس فلم میں ان کے ساتھ عمران ہاشمی اور راجکمار راؤ نظر آئیں گے۔ اس میں وہ ایک ہوٹل میں گل فروش کا کردار ادا کر رہی ہیں اور اس کے لیے انھوں نے ایک گل فروش کے ساتھ تربیت بھی حاصل کی ہے۔

بی بی سی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ودیا بالن نے بالی وڈ میں اپنے ایک دہائی کے سفر کو یاد کرتے ہوئےکہا: ’اس سے بڑی بات کیا ہو سکتی ہے کہ میں دس جون کو انڈسٹری میں اپنے دس سال پورے کر رہی ہوں۔ اس انڈسٹری میں میرا سفر بہت اچھا رہا۔ جتنے کی امید تھی اس سے کہیں زیادہ پایا۔اچھے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کے کئی مواقع ہاتھ آئے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ monica bhattacharya Pr
Image caption ودیا بالن نے فلم پرینیتا کے ساتھ بالی وڈ میں قدم رکھا تھا اور اس میں ان کے ساتھ سیف علی خان تھے

انھوں نے مزید کہا: ’میں بالی وڈ میں صرف ایک فلم کرنا چاہتی تھی اور فلم پرینیتا کے ساتھ بہت خوش تھی لیکن اب دس سال اور 18 فلموں کے بعد بھوک پہلے سے بہت بڑھ گئی ہے۔‘

اپنے پرانے دنوں کو یاد کرتے ہوئے ودیا کہتی ہیں: ’آج میرا خاندان مجھ پر فخر کرتا ہے۔ میں کسی فلمی خاندان سے نہیں ہوں، اس لیے میرے خاندان کے لوگوں میں ایک قسم کا خوف تھا کہ لڑکی باہر جائے گی، فلموں میں کام کرے گی تو وہاں جو بھیڑیے ہوتے ہیں وہ اسے چھوڑیں گے نہیں۔ میرے خاندان والوں کے ذہن میں بالی وڈ کے بارے میں اس قسم کے خیالات تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Zee Pr
Image caption ودیا بالن کو کئی فلموں کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے

’اسی لیے میری ماں میرے ساتھ ٹی وی سيريلز کے سیٹ پر میرے ساتھ آیا کرتی تھیں۔ لیکن جب میری ماں کو یہ احساس ہوا کہ دنیا اور ماحول کیسا بھی ہو اس سے فرق نہیں پڑتا، بس خود پر اعتماد اور اپنے کام کے متعلق لگن ضروری ہے۔‘

ودیا کو ’پرینیتا،‘ ’ڈرٹي پکچر‘ اور ’کہانی‘ جیسی فلموں نے ایک نیا مقام عطا کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ balaji motions
Image caption ودیا بالن نے ابھی تک 18 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں

اس پر ودیا بالن کہتی ہیں کہ ’میں بہت بھوکی ایکٹریس ہوں۔ جب مجھے کوئی اچھا موقع ملے تو میں اس پر ٹوٹ پڑتی ہوں۔ میں نے یہ کبھی نہیں سوچا کہ یہ ٹپیکل ہیروئن رول نہیں ہے، یہ ایک کریکٹر رول ہے۔‘

انھوں نے اس کے ساتھ یہ بھی کہا: ’یہی بات میرے لئے فائدہ مند ثابت ہوئی اور اب دوسری اداکاراؤں کے لیے بھی ہے کیونکہ اب آپ دیکھیں گے کہ بہت سی اہم اداکارائیں بھی کریکٹر رول کر رہی ہیں۔‘

اسی بارے میں