جان ابراہم کو فلموں میں واپس آنے کی جلدی نہیں

تصویر کے کاپی رائٹ PA Wire
Image caption ’سال میں کسی اداکار کی پانچ دس فلمیں آنے سے انہیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا‘

بالی وڈ کے اداکار جان ابراہم کو کیا طویل عرصے سے سرخیوں میں نہ ہونے پر کوئی افسوس ہے؟

بینکر پریہ رچال سے شادی کے بعد جان ابراہم جانے کہاں کھو گئے کیونکہ ان کی پچھلی فلم ’مدراس کیفے‘ دو سال پہلے ریلیز ہوئی تھی۔

عام طور پر اداکار سرخیوں میں رہنے کے لیے بہت ہتھکنڈے اپناتے ہیں لیکن جان کی رائے مختلف ہے۔

جان ابراہم کے مطابق انھیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔

’بھلے ہی میری پچھلی فلم کو ریلیز ہوئے دو سال ہو گئے ہوں، پھر بھی میں خوش ہوں۔ سکرین پر نظر آنے کے لیے کچھ بھی تو نہیں کر سکتا۔‘

انھوں نے کہا کہ سال میں کسی اداکار کی پانچ دس فلمیں آنے سے انہیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

جان کہتے ہیں کہ’میں لوگوں کے سامنے تبھی آنا چاہتا ہوں، جب میرے پاس بتانے کے لیے کچھ ہو جب فلم ہوگی تو اس کے بارے میں میں ضرور بتاوں گا۔‘

عمران خان بھی فلموں سے دور کیوں رہے؟

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption عمران خان فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ کی ناکامی کے بعد وہ نظر نہیں آئے

اداکار عمران خان تقریباً ڈیڑھ سال سے پردے سے غائب ہیں اور خوش ہیں کہ یہ بریک کا وقت انھوں نے اپنے خاندان کے ساتھ گزارا۔

عمران نے بتایا کہ’گذشتہ ڈیڑھ سال میں میں اپنے خاندان کے ساتھ تھا کیونکہ میری بیوی حاملہ تھی اور پھر ہمارے بچے کی پیدائش ہوئی۔ دنیا میں ایسی کوئی چیز نہیں ہے جو مجھے اپنے خاندان سے دور رکھے۔‘

یہ بات عمران نے اپنی آنے والی فلم ’كٹی- بٹی‘ کے ٹریلر لانچ کے دوران کہی۔

اس فلم میں ان کے ساتھ اداکارہ کنگنا راناوت ہے اور توقع ہے کہ یہ فلم ستمبر میں ریلیز ہو گی۔

عمران خان فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ کی ناکامی کے بعد وہ نظر نہیں آئے۔ اس فلم میں ان کے ساتھ کرینہ کپور تھیں۔

ویسے کنگنا نے گذشتہ دنوں اپنی اچھی اداکاری کی وجہ سے فلم ناظرین اور ناقدین دونوں سے پزیرائی حاصل کی ہے۔

اسی بارے میں