ہیری پوٹر اب سٹیج پر بھی

Image caption جے کے رولنگ نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ اس ڈرامے کی کوئی سیریز نہیں ہو گی

ہیری پوٹر کی مصنفہ جے کے رولنگ نے اعلان کیا ہے کہ ہیری پوٹر کا سٹیج ڈراما آئندہ سال لندن کے ویسٹ اینڈ تھیٹر میں دکھایا جائے گا۔

اس سٹیج ڈرامے کو ’ ہیری پوٹر اینڈ دی کرسڈ چائلڈ‘ کا نام دیا گیا ہے جس میں اس لڑکے کی جادو نگری کی کہانی کا وہ حصہ بتایا جائےگا جو ابھی تک نہیں دکھایا گیا اور اس میں اس کے مقتول والدین کی زندگی کی کہانی بھی شامل ہو گی۔

تاہم اس ڈراما کی مصنفہ نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ’اس ڈرامے کی کوئی سیریز نہیں ہو گی۔‘

ڈرامے کی ٹکٹیں کچھ ماہ میں فروخت کے لیے دستیاب ہو جائیں گی اور اسے آئندہ سال موسم گرما میں پیلس تھیٹر میں دکھایا جائے گا۔

راؤلنگ کا کہنا کہ انھوں نے یہ اعلان کرنے کے لیے آج یعنی جمعے کا دن اس لیے چنا کیونکہ یہ دن ان کے لیے ’بہت خاص ہے۔‘ اس دن ان کی پہلی کتاب کو 18 سال مکمل ہو گئے ہیں۔

’ ہیری پوٹر اینڈ دی فلاسفرز سٹون‘ نامی یہ کتاب پہلی مرتبہ برطانیہ میں شائع کی گئی تھی۔

انھوں نے اس ڈرامے کے بارے میں زیادہ کچھ بتانے سے انکار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں اس ڈرامے کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں بتانا چاہتی کیونکہ میں نہیں چاہتی کہ جو خوشی اسے دیکھنے کے بعد مداحوں کو ملے گی وہ میں پہلے ہی بتا کر خراب کر دوں۔‘

اس سوال کے جواب میں کہ انھوں نے ’کرسڈ چائلڈ‘ کے نام سے ایک نیا ناول کیوں نہیں لکھا؟ ان کا کہنا تھا کہ ’میں پراعتماد ہوں کہ جب حاضرین اسے دیکھیں گے تو وہ بھی میرے ساتھ اتفاق کریں گے کہ اس کہانی کو پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی تھا۔‘

پہلی بار اس ڈرامے کا اعلان دسمبر سنہ 2013 میں کیا گیا تھا اور اس کی مصنفہ کا کہنا تھا کہ انھیں ہیری پوٹر کو تھیئٹر پر دکھانے کے لیے بہت لوگوں نے درخواست کی تھی۔

تاہم یہ کہانی مکمل طور پر رولنگ نے نہیں لکھی ہے بلکہ یہ اس میں ان کے شریک مصنف جیک تھرون ہیں۔ اس ڈرامے کے ہدایت کار جان ٹفنی ہیں۔

اسی بارے میں