بالی وڈ اداکارہ ہیما مالنی ٹریفک حادثے میں زخمی

تصویر کے کاپی رائٹ pr
Image caption گذشتہ انتخابات میں ہیما مالنی بے جی پی کی سیٹ پر رکن پارلیمان منتخب ہوئی تھیں

بالی وڈ کی ماضی کی ڈریم گرل اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی رہنما ہیما مالنی ٹریفک حادثے میں زخمی ہو گئی ہیں جبکہ حادثے میں ایک بچی ہلاک ہو گئی۔

ہیما مالنی کی گاڑی کو حادثہ ریاست راجھستان کے علاقے دوسہ میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ہیما مالنی کی گاڑی غلط سمیت سے آنے والے ایک دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی۔

حادثے کے نتیجے میں دوسری گاڑی میں سوار ایک چار سالہ بچی ہلاک اور اس کے تین رشتہ دار زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس کے مطابق حادثے میں ہیما مالنی کو بھی معمولی چوٹیں آئی ہیں اور جے پور کے ایک نجی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

پولیس کے مطابق ہیما مالنی کو زیادہ چوٹیں نہیں آئی ہیں تاہم انھیں اپنی گاڑی میں جے پور پہنچانے والے ڈاکٹر شیو شرما کے مطابق’ ہیما مالنی کو سر اور پاؤں میں چوٹ آئی ہے۔ان کے سر سے خون بھی نکل رہا تھا۔‘