اداکار شاہد کپور اور میرا راجپوت کی شادی آج

تصویر کے کاپی رائٹ bb
Image caption شاہد کپور کی دہلی میں سات جولائی کو شادی ہوئی

بالی وڈ اداکار شاہد کپور کی سات جولائی کو دہلی کی ایک لڑکی میرا راجپوت سے شادی ہو رہی ہے جس میں اہل خانہ کے علاوہ بعض قریبی دوست شریک ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق گذشتہ رات ان کی شادی کی سنگیت کی رسم ہوئی جس میں دونوں نے ایک ساتھ رقص کیا۔

شاہد کی عمر 34 سال ہے جبکہ میرا 21 سال کی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اس موقعے پر شاہد کپور سرخ کرتے اور سیاہ چوڑی دار پاجامے میں تھے جبکہ میرا لیموں کے رنگ والے لہنگے اور چولی میں۔

بھارت کے معروف اخبار انڈین ایکسپریس نے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ ان کی شادی دہلی سے ملحق چھتر پور فارم ہاؤس میں ہوئی کیونکہ ان کی شادی کے لیے مبارک گھڑی 11 بجے بتائی گئی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ twitter
Image caption شاہد کپور نے اپنی شادی کے کارڈ کے ڈیزائن میں تمام چیزوں پر باریک بینی کے ساتھ نظر رکھی

شادی میں شاہد اور میرا کے اہل خانہ کے علاوہ بعض قریبی دوستوں نے شرکت کی۔

جب سے شاہد کپور کی شادی کی بات سامنے آئی ہے میڈیا میں کرینہ کپور سے ان کے متعلق سوالات بھی ہوئے ہیں کیونکہ ایک زمانے میں دونوں میں گہری دوستی تھی۔

یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ شاہد نے کرینہ کپور اور ان کے شوہر سیف علی خان کو دعوت دی ہے۔

اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق کرینہ کپور نے بتایا کہ انھیں شادی کا دعوت نامہ نہیں ملا، البتہ وہ دونوں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

شاہد کی شادی کے کارڈ ڈیزائنر رويش کپور نے تیار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شاہد نے کارڈ میں چھوٹی سے چھوٹی بات پر خود توجہ دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption شاہد کپور اور کرینہ کپور کی دوستی کے قصے ابھی تک میڈیا میں ہیں

رويش نے بتایا کہ ’شاہد کپور رنگوں کے بارے میں بہت حساس ہیں، آف وائٹ اور فیروزی رنگ سے لے کر مور کی چھاپ اور کارڈ کے فونٹس تک شاہد نے خود پسند کیے۔‘

شادی کے کارڈ کی پیکیجنگ چائے کے باکس کی طرح ہے، کیونکہ شاہد کے والد پنکج کپور کو چائے کا بہت شوق ہے۔

شادی اور ریسپشن کے کارڈ مختلف ہیں لیکن دوسرے کارڈ کے بارے میں بتانے سے رویش نے گریز کیا۔

شلپا شیٹی اور ریتک روشن جیسے بڑے اداکاروں کی شادی کے کارڈ بنانے والے رويش کا کہنا ہے کہ شاہد کی شادی کے ریسیپشن میں 500 مہمانوں کو دعوت دی گئی ہے۔

شادی کے کچھ دنوں بعد استقبالیہ دیا جائے گا۔ شاہد کی ماں سپریا پاٹھک نے کہا کہ وہ شادی پر بہت خوش ہیں۔

شاہد اور میرا کا ریسپشن ممبئی میں رکھا جائے گا تاکہ اس میں بالی وڈ کے زیادہ سے زیادہ مہمان شریک ہو سکیں۔

اسی بارے میں