رنبیر کو اپنی فلم پر مذاق پسند نہیں آیا

تصویر کے کاپی رائٹ Phantom
Image caption فلم بامبے ویلویٹ کے لیے انوشکا شرما اور رنبیر کا مذاق اڑایا گیا

فلم ’غنڈے‘ سے مشہور ہونے والے اداکار رنویر سنگھ اور ارجن کپور کی جوڑی نے آئیفا ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی کے دوران رنبیر کپور کی فلموں کا مذاق اڑایا تھا۔

حال ہی میں ملائیشیا میں ہونے والے آئیفا ایوارڈز میں رنبیر کپور کو ان کی فلموں کے بارے میں کیا جانے والا مذاق پسند نہیں آیا۔

اس شو کو گذشتہ دنوں ٹی وی پر دکھایا گیا اور میڈیا کے مطابق دونوں میزبانوں نے اس کو ایک نئے مقام پر پہنچا دیاہے۔

ان دونوں نے کہا کہ ان کی فلم ’رائے‘ کو رائے نہیں بلکہ ’ڈسٹرائے‘ یعنی ’تباہ کر دو‘ کہنا چاہیے۔

تصویر کے کاپی رائٹ wizspk
Image caption آئیفا میں اس بار رنویر سنگھ اور ارجن کپور نے میزبانی کے فرائض انجام دیے

اس کے علاوہ انھوں نے ’بامبے ویلویٹ‘ فلم کے نام پر جانی جانی کہتے ہوئے نرسری رائم بنائی اور کہا کہ رنبیر کے کردار کا نام ’روٹی‘ ہونا چاہیے تھا کیونکہ اس فلم کی اداکارہ انوشكا شرما کے کردار کا نام ’روزی‘ تھا اور اس طرح فلم کا نام ’روزی - روٹی‘ ہونا چاہیے تھا۔

اور پھر انھوں نے کہا کہ ’دونوں نے مل کر انوراگ کشیپ کی جیب سے روزی روٹی چھین لی۔‘

بامبے ویلویٹ فلم کے ڈائریکٹر انوراگ کشیپ اس پروگرام میں شریک تھے اور ناظرین میں بیٹھے ہوئے تھے۔ وہ اس مذاق سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے لیکن رنبیر کپور کو مذاق پسند نہ آیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ yrf
Image caption فلم غنڈے سے ارجن کپور اور رنویر سنگھ کی جوڑی ہٹ ہوئی تھی

رنویر سنگھ اور ارجن کپور بعض فلاپ فلموں پر اپنے انداز میں تبصرہ کر رہے تھے جبکہ رواں سال ریلیز ہونے والی رنبیر کپور کی دونوں فلمیں ’رائے‘ اور ’بامبے ویلویٹ‘ باکس آفس پر ناکام رہیں اور کچھ زیادہ نہیں کر سکیں۔

اب رنبیر کپور کی امیدیں امتیاز علی کی فلم ’تماشا‘ سے وابستہ ہیں۔ اس میں وہ اپنی سابق گرل فرینڈ دیپکا پاڈوکون کے ساتھ نظر آئیں گے۔

اسی بارے میں