عبدالکلام کی موت پر بالی وڈ کا اظہار عقیدت

Image caption امیتابھ بچن کے علاوہ بالی وڈ کی بہت سی نامور شخصیتوں نے عبداکلام کی موت پر دکھ اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے

بھارت کے سابق صدر اور سائنسداں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی موت پر جہاں دنیا بھر سے تعزیتی پیغام آ رہے ہیں وہیں بالی وڈ کی نامور شخصیات نے بھی انھیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اداکار امیتابھ بچن نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا: ’ایک بہترین فکر رکھنے والے، ننھے بچے کی طرح خواب دیکھنے والے، عام زندگی گزارنے والے، سب کے چہیتے سابق صدر اے پی جے عبدالکلام نہیں رہے۔ میری دعائیں۔۔۔‘

موسیقار اے آر رحمان نے لکھا کہ جب وہ صدر بنے تو انھوں نے ’امید‘ کو ایک نیا نام دیا۔

لتا منگیشکر نے انھیں ’ایک اچھا انسان، ایک بڑا سائنسدان اور ایک اچھے شاعر‘ کے طور پر یاد کیا۔

Image caption شاہ رخ نے انھیں یاد کرتے ہوئے سب کے لیے سکون کی دعا مانگی

وہیں بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: ’پہلے گرداس پور حملہ اور اب ڈاکٹر عبدالکلام کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا۔ اللہ سب کو سکون دے۔‘

اداکار سلمان خان نے بھارت کے سابق صدر سے نہ مل پانے پر افسوس کا اظہار کیا۔

انھوں نے لکھا: ’اگر آپ کا دل کسی سے ملنے کی چاہت رکھتا ہے تو دیر نہ کریں۔ میری ہمیشہ کلام صاحب سے ملنے کی خواہش رہی۔ مجھے ہی کوشش کرنی چاہیے تھی، آخر نقصان میرا ہی ہوا۔‘

اداکار فرحان اختر نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا: ’ہمارے ملک کی سب سے متاثر کن شخصیات میں سے ایک، سابق صدر ڈاکٹر عبدالکلام کے انتقال سے بہت دکھ ہوا۔ خدا انھیں اپنی رحمت میں لے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ spice
Image caption سلمان خان نے ان سے ملنے کی خواہش ادھوری رہ جانے کا اعتراف کیا

جبکہ انوپم کھیر نے ٹویٹ کیا: ’یہ صرف ہندوستان کا ہی نہیں، پوری دنیا کا نقصان ہے۔ میں ان خوش نصيبوں میں سے ہوں جنھیں ڈاکٹر کلام کے ہاتھوں پدم شری ایوارڈ ملا۔‘

ان کی موت پر اظہار عقیدت پیش کرنے والوں میں سری دیوی، گل پناگ، روینہ ٹنڈن، اجے دیوگن، ورون دھون وغیرہ شامل ہیں۔

ڈاکٹر کلام بھارت کے گيارھویں صدر تھے جو 2002 سے 2007 تک عہدۂ صدارت پر رہے۔ ان کا انتقال پیر کی شام شیلانگ میں ہوا۔ وہ وہاں انڈین مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں لیکچر دینے گئے تھے۔

اسی بارے میں