جیرمی کلارکسن اب ایمیزون پرائم پر پروگرام کریں گے

تصویر کے کاپی رائٹ Amazon Prime Video
Image caption کلارکسن کے جانے کے بعد ان کے ساتھی میزبانوں نے بھی ٹاپ گیئر کے نئے میزبان کے ساتھ کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا

گاڑیوں سے متعلق بی بی سی کے مقبول پروگرام ٹاپ گیئر کے میزبانوں کی ٹیم نے ایمیزون کی آن لائن ویڈیو سٹریمنگ سروس پر ایک نیا پروگرام پیش کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے۔

جیرمی کلارکسن، رچرڈ ہیمنڈ اور جیمز مے نے ایمیزون پرائم پر اس پروگرام کے تین سیزن پیش کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔

اس پروگرام کا پہلا سیزن 2016 میں پیش کیا جائے گا۔

54 سالہ کلارکسن کا شمار بی بی سی ٹو کے مقبول ترین میزبانوں میں ہوتا تھا۔ تاہم پروگرام کے ایک پروڈیوسر سے ’لڑائی‘ کے بعد انھیں بی بی سی انتظامیہ کی جانب سے رواں برس مارچ میں معطل کر دیا گیا تھا اور بعد میں انتظامیہ نے ان کے لائسنس کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

کلارکسن کے جانے کے بعد ان کے ساتھی میزبانوں نے بھی ٹاپ گیئر کے نئے میزبان کے ساتھ کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ایمیزون کی جانب سے معاہدے کے اعلان کے بارے میں جاری کردہ بیان میں کلارکسن نے کہا ہے کہ ’مجھے لگ رہا ہے کہ میں دو پروں والے جہاز سے نکل کر خلائی جہاز میں آ بیٹھا ہوں۔‘

جیمز مے کا کہنا تھا کہ ’ہم دورِ جدید کے سمارٹ ٹی وی کا حصہ بن گئے ہیں۔‘

تاحال ان تینوں کے نئے پروگرام کے نام کا انتخاب نہیں کیا گیا ہے تاہم اسے ٹاپ گیئر کے ہی سابق ایگزیکیٹو پروڈیوسر اینڈی ولمین ہی پیش کریں گے۔

ولمین کا کہنا ہے کہ اس پروگرام پر ان فنکاروں کی موسمِ گرما کی تعطیلات سے واپسی کے فوراً بعد کام شروع ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ایمیزون سے معاہدے کے فیصلے کی وجہ وہ آزادی تھی جو ایمیزون نے ہمیں دی کہ ہم اپنی پسند کا پروگرام بنا سکیں۔‘

اسی بارے میں