مزاحیہ اداکار فرید خان طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

تصویر کے کاپی رائٹ PATRICK JOUST
Image caption 1985 میں فرید خان ففٹی ففٹی کی ٹیم کے ہمراہ امریکہ بھی گئے تھے۔

پاکستانی ٹی وی اور سٹیج کے معروف مزاحیہ اداکار فرید خان طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے ہیں۔

فرید خان پچھلے کئی برسوں سے منہ کے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور ان کے گھر والوں کے مطابق ان کے پانچ آپریشن ہو چکے تھے۔

مہنگے علاج کی وجہ سے وہ آخری دنوں میں مالی پریشانی کا بھی شکار رہے۔

فرید خان نے اپنے کریئر کا آغاز 60 کی دہائی میں ریڈیو پاکستان حیدرآباد سے بحیثیت گلوکار اور ڈرامہ آرٹسٹ کیا تھا۔

ان کا شمار پاکستان میں سٹینڈ اپ کامیڈی کے معماروں میں ہوتا ہے۔

وہ 40 برسوں سے زیادہ عرصے تک سٹیج اور ٹی وی پر اداکاری کرتے رہے۔

80 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی وژن کے مقبول مزاحیہ پروگرام ’ففٹی ففٹی‘ سے انھیں ملک گیر شہرت ملی۔

1985 میں وہ ففٹی ففٹی کی ٹیم کے ہمراہ امریکہ بھی گئے تھے۔

انہوں نے امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ وہ پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی مقبول تھے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ 1978 میں وہ مہدی حسن، نور جہاں اور منی بیگم کے ساتھ انڈیا گئے تھے اور اس وقت ان کے بقول انڈیا میں سٹینڈ اپ کامیڈی کا کوئی خاص معیار نہیں تھا۔

انہوں نے بنگلور اور بمبئی میں سٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ممبئی کے شو میں دلیپ کمار نے ان کی کارکردگی کو بہت پسند کیا تھا اور انہیں ناٹی بوائے کا لقب دیا تھا۔

فرید خان کے پسماندگان میں بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

اسی بارے میں