عدنان سمیع کے ویزے میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع

عدنان سمیع تصویر کے کاپی رائٹ MANISH SHUKLA
Image caption عدنان سمیع ایک لمبے عرصے سے ممبئی میں رہائش پزیر ہیں

بھارت کی وزارت داخلہ نے پاکستان کے معروف گلوکار عدنان سمیع کے ویزے میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کر دی ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق عدنان سمیع نے مئی کے مہینے میں محکمہ وزارت داخلہ میں درخواست دی تھی کہ ’انسانی بنیادوں‘ پر انہیں قانونی طور انڈیا میں رہنے کی اجازت دی جائے۔

اطلاعات کے مطابق و‌زارت خارجہ انہیں انڈیا کی شہریت دینے پر بھی غور کر رہی ہے۔

عدنان سمیع نے مئی میں دوسری بار انڈیا کی شہریت کے لیے درخواست دی تھی۔ پہلی بار جب انہوں نے یہ درخواست دی تھی تو انڈین حکام نے اسے مسترد کردیا تھا۔

انڈیا میں شہریت کے حصول کے قوانین کے مطابق ان غیر ملکی افراد کو شہریت دی جا سکتی ہے جنھوں نے سائنس، ادب، ثقافت، عالمی امن، اور انسانی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہو۔

گذشتہ برس اکتوبر میں ان کے ویزا کی مدت ختم ہوگئی تھی لیکن بعد میں اس میں توسیع کر دی گئی تھی۔

اس موقع پر عدنان سمیع نے میڈیا کے نام جاری کیے گئے ایک پیغام میں کہا تھا ’میں نے مسلمہ ضابطے کے تحت 14 ستمبر کو اپنے ویزے میں توسیع کی درخواست دہلی میں وزارت داخلہ کی متعلقہ محکمے میں جمع کرائی تھی۔ اس ضابطے پر تمام غیر ملکیوں کو عمل کرنا ہوتا ہے اور میں اس پر گزشتہ 14 برس سے عمل کر رہا ہوں اور اس بار بھی کیا ہے۔‘

ضابطے کے تحت وہ ویزا ختم ہونے کے بعد توسیع ہونے تک ملک سے باہر نہیں جا سکتے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ srabanti chak
Image caption عدنان سمیع نے حال ہی میں ’بجرنگی بھائی جان‘ فلم میں گلوکاری کی ہے

عدنان سمیع کے ویزے کی مدت ختم ہونے کی بات ممبئی میں ان کی سابقہ بیوی سے ایک فلیٹ کی ملکیت کے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران سامنے آئی تھی۔

ہندو قوم پرست جماعت مہاراشٹرنو نرمان سینا اور شیو سینا نے عدنان کو بھارت سے فوراً چلے جانے کی وارننگ دی تھی۔

شیو سینا پاکستانی فنکاروں، گلوکاروں اور کھلاڑیوں کے بھارت میں آنےجانے کے خلاف ہے۔

عدنان ایک عرصے سے بھارت میں مقیم ہیں اور یہاں فلم اور موسیقی کی دنیا میں انہیں کافی مقبولیت حاصل رہی ہے۔

حال ہی میں انہوں نے سلمان خان کی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں گلوکاری کی ہے اور ان کا گائی گئی قوالی ’بھر دے جھولی‘ بےحد مقبول ہوئی ہے۔

عدنان نے انڈین فلموں میں گلوکاری اور موسیقی دینے کے علاوہ انفرادی طور پر کئی میوزک البمز بھی شائع کی ہیں جو کہ بےحد مقبول ہوئی ہے۔

اسی بارے میں