امیتابھ مہاراشٹر میں شیروں کے تحفظ کے سفیر مقرر

Image caption امیتابھ کا کہنا تھا کہ بھارت میں سب سے زیادہ 199 شیر مہاراشٹر میں ہیں اور اس تعداد میں اضافہ کرنا ضروری ہے

بھارتی ریاست مہاراشٹر کی حکومت نے اداکار امیتابھ بچن کو ریاست میں ’شیروں کے تحفظ‘ کے لیے سفیر مقرر کیا ہے۔

اس اعلان کے ساتھ ہی مہاراشٹر حکومت نے انھیں شیر کا ایک پتلا بھی تحفے میں دیا ہے۔

اس موقع پر امیتابھ نے کہا کہ وہ شیروں کے تحفظ کی مہم میں پہلے سے شامل ہیں اور اس مسئلے کی اہمیت سمجھتے ہیں۔

امیتابھ کا کہنا ہے کہ ’شیروں کے تحفظ سے صرف ایک مخلوق ہی نہیں ماحول کا بھی تحفظ ہوتا ہے اور مہاراشٹر میں تو چھ ٹائیگر ریزرو ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’ایسے میں یہ قدرت کی اس مخلوق کے لیے کچھ کر سکوں تو مجھے خوشی ہوگی۔‘

بھارتی اداکار کا کہنا تھا،’بہت لوگوں کو معلوم نہیں ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ 199 شیر مہاراشٹر میں ہیں اور ہمیں اس تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔‘

بھارت میں مجموعی طور ہر 2200 سے زیادہ رائل بنگال ٹائیگرز ہیں جبکہ اس کے علاوہ ان کی کچھ تعداد بنگلہ دیش، نیپال، بھوٹان، چین اور میانمار میں بھی پائی جاتی ہے۔

جنگلی حیات کے تحفظ کا عالمی فنڈ پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ شیر جنگلات میں معدومی کے خطرے سے دوچار ہیں اور جہاں سنہ 1900 میں ان کی تعداد ایک لاکھ تھی وہیں اب یہ کم ہو کر 3200 رہ گئی ہے۔

اسی بارے میں