مورگن فری مین کی سوتیلی نواسی کا قتل

ہائنز اور موگرن فری مین تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ہائنز موگرن فری مین کی پہلی بیوی جینٹ ایڈیر بریڈ شا کی نواسی تھیں۔

ہالی وڈ کے اداکار مورگن فری مین کی سوتیلی نواسی کو نیویارک میں ان کے گھر کے پاس چاقو مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

اتوار کی صبح 33 سالہ ایڈینا ہائنز پر ان کے اپارٹمنٹ کے باہر ان کے سینے پر چاقو سے کئی مرتبہ وار کیے گئے تھے۔

ان کو ہسپتال لے جایا گیا تھا لیکن ہارلیم ہسپتال پہنچ کر ان کو مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ہائنز کے ایک 30 سال شخص کے ساتھ تعلقات تھے جسے جائے حادثہ سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

اس شخص پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی ہے بلکہ اس کے نفسیاتی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

ہائنز مورگن فری مین کی پہلی بیوی جینٹ ایڈیر بریڈ شا کی نواسی تھیں۔ فری مین اور براڈ شا میں سنہ 1979 میں طلاق ہوگئی تھی۔ آسکر انعام یافتہ اداکار مورگن فری مین کے ایجنٹ کے مطابق وہ ہائنز کو ہمیشہ اپنی نواسی سمجھتے تھے۔

’دی شا شینک ریڈیمپشن‘ جیسی معروف فلم کے اداکار نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’دنیا کبھی بھی ان کی فنکارانہ صلاحیتوں کے بارے میں نہیں جان سکے گی۔ ان کا ستارہ ہمارے دلوں میں جگمگاتا رہے گا اور ہم انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔‘

ہائنز ایک تربیت یافتہ اداکارہ تھیں اور نوجوان لوگوں کے لیے کام کرتی تھیں۔

مورگن فری مین نے فیس بک پر ایک پیغام میں لکھا ہے کہ :’میں اپنی نواسی کی درد ناک موت پر اپنی فیملی کے لیے موصول ہونے والے پیار بھرے پیغامات کو سراہتا ہوں۔ میں آپ کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔‘

سنہ 2009 میں ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ فری مین اور ہائنز شادی کرنے والے ہیں۔

ہالی وڈ اداکار فری مین نے اس کا جواب میں کہا تھا کہ ’ یہ صرف اخبار بیچنے کے لیے میڈیا کی جانب سے گھڑی گئی ہتک آمیز خبر ہے‘۔

ہائنز نے اس کے ردعمل میں کہا تھا کہ ’میرے اور میرے نانا کے بارے میں یہ خبریں نہ صرف جھوٹی ہیں بلکہ ان سے مجھے اور میری فیملی کو دکھ پہنچا ہے۔‘

اسی بارے میں